مہنگائی کا طوفان حکومتی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے،عمرفاروق

62

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ مہنگائی کا طوفان سود کی لعنت اور حکومت کی ناکام معاشی پالیسیوں کا نتیجہ ہے۔ تبدیلی کی دعویدار پی ٹی آئی کی حکومت نے آئی ایم ایف کی ڈکٹیشن پر بجلی گیس پیٹرول کی قیمتوں میں مسلسل اضافے سمیت ٹیکسز کی بھر مار کرکے عام آدمی کا جینا مشکل بنا دیا ہے۔اس سے زیادہ ملک وقوم کے ساتھ اور ظلم کیا ہوگا کہ وزیر اعظم کہتا ہے کہ ڈالر کا ریٹ بڑھنے کا انہیں ٹی وی دیکھنے سے پتا چلا جبکہ مشیر خزانہ ٹماٹر 17 روپے فی کلو بکنے کا دعو یٰ کر رہے ہیں۔ پارلیمنٹ کے ہوتے ہوئے بھی صدارتی آرڈیننس جمہوریت کی نفی ہے ۔ حقیقی تبدیلی اورہمارے تمام مسائل کا حل صرف قرآن و سنت کے نفاذ میں ہے۔حکومت مہنگائی کے جن کو بوتل میں بند، قیمتوں پر کنٹرول اور عام آدمی کا معیار زندگی بہتر بنانے کے لیے کرپشن فری اقدامات کرے۔ مزیدبراںانہوں نے مزید کہاکہ جماعت اسلامی اپنے کشمیری بھائیوں کو تنہا نہیں چھوڑے گی۔ بھارتی ظلم و جبر اور کرفیو کے 102 دن گزرجانے کے باوجود حکومت پاکستان کی بے حسی اور انسانی حقوق کے دعویداروں کی خاموشی افسوس ناک ہے۔