اسلام آباد: حکومت اور اپوزیشن کے درمیان برف پگھلنے لگی ، حکومت نے7 نومبر کو پیش کیے گئے 11 آرڈیننسز واپس لینےکا اعلان کردیا۔
اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کے چیمبر میں حکومتی اور اپوزیشن رہنماؤں نے ملاقات کی اور جس پراپوزیشن کی جانب سے پیشکش کی گئی کہ حکومت 7 نومبر کو پیش کیے گئے 11 آرڈیننسز واپس لےتو ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی درخواست واپس لے لی جائے گئی ۔
اپوزیشن کے رہنماء خواجہ آصف نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد واپس لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے آرڈیننس واپس لےلیے ہیں تو ہم بھی تحریک عدم اعتماد واپس لیتے ہیں۔
وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا کہ جس نظریے پر ووٹ لے کر آئے ہیں اس سے ایک انچ نہیں پیچھے ہٹنا، اپوزیشن بھی اپنا نکتہ نظر بیان کرے ان کا حق ہے، ڈپٹی اسپیکر کا معاملہ افہام و تفہیم سے حل کرلیا ہے۔
خیا ل رہے کہ حکومت نے ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری کی زیر صدارت 7 نومبر کو ہونے والے اجلاس میں 11 آرڈیننس منظور کیے تھے جس پر اپوزیشن جماعتوں نے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرائی تھی۔