اسلام آباد :شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ بھارت اس وقت ہمہ قسم کی منصوبہ بندی کررہا ہےجبکہ بھارت خفت مٹانےکےلیےفالس فلیگ آپریشن سمیت کچھ بھی کرسکتا ہے۔
وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے مقبوضہ کشمیرکی تازہ ترین صورتحال کےحوالے سےگفتگو کرتے ہوئے کہا کہ امریکی کانگریس کے”ٹام لنٹاس کمیشن”انسانی حقوق نے مقبو ضہ کشمیر پرایک سماعت کی، کمیشن نے بھارت میں اقلیتوں کے ساتھ ناروا سلوک پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں بدستور بندشیں جاری ہیں ، کمیشن نے اسٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے بھارت سے رجوع کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔
وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ کمیشن نے بابری مسجد پر بھارتی سپریم کورٹ کے فیصلے پر بھی تشویش کا اظہار کیا ہے، سماعت میں کہا گیا کہ بھارت میں ہندو نیشنلزم تیزی سے بڑھ رہا ہے، پینل نے پبلک سیفٹی ایکٹ کوختم کرنے کی سفارش کر تے ہوئے کہا کہ انسانی حقوق کو فی الفوربحال کرنے کی بھی سفارش کی ۔
شاہ محمود قریشی نے مزید کہا کہ بھارت اس وقت ہمہ قسم کی منصوبہ بندی کر رہا ہے، بھارت خفت مٹانے کے لیے فالس فلیگ آپریشن سمیت کچھ بھی کرسکتا ہے، پاکستان کےخلاف پروپیگنڈہ میں جعلی ویب سائٹس کاملنا بھی بڑی پیشرفت ہے۔