اسلام آباد(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے سیکرٹری جنرل راجا فاضل حسین تبسم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی نے دعوتی مہم اور اسلام آباد کو جگانے کے لیے 22دسمبر کو اسلام آباد میں آزادی کشمیر مارچ میں شرکت کے لیے بھی مہم شروع کر دی ، آزادکشمیر سے ہزاروں کشمیری مارچ میں شریک ہوں گے ،اسلام آباد میں بیٹھے حکمرانوں کی خاموشی سے کشمیریوں میں غلط فہمیاں جنم لے رہی ہیں کشمیری مکہ اور مدینے کے بعد پاکستان کو مقدس سرزمین سمجھتے ہیں مودی کے اقدامات سے کشمیر میں حالات سنگین ہیں حکومت پاکستان کی طرف سے عملی اقدامات کیے جانے چاہیں ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی نے آزاد کشمیر اور پاکستان کے کونے کونے میں عوام کو کشمیر یوں کی پشت پر لانے کے لیے بیدار کیا ہے لیکن اسلام آباد میں بیٹھے حکمران بیدار نہیں ہوئے ،جماعت اسلامی نے فیصلہ کیا ہے کہ حکمرانوں کو بیدار کیا جائے ،22دسمبر کوعوام کو سمندر لے کر اسلام آباد آئیں گے یہاں کے درودیوار ہلائیں گے ۔