ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں اس لیے ادارے تباہ ہیں ،عمرفاروق

66

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجر،جنرل سیکرٹری راشدمحمود، نائب صدورمحمدآصف عطا،مسلم توقیر،فاروق باجوہ، سلیم انصاری،سلطان عبداللہ، اسامہ نذیر،فیصل خلیجی، عثمان گیلانی، اطہر عظیم،سلطان ڈوگراوردیگرذمے داران اپنے مشترکہ بیان میں کہا ہے کہ حکومت کی اب تک کوئی سمت ہے نہ اسے اپنی نااہلی، ناکامی اور عوام کے اندر بڑھتی ہوئی بے چینی کا کوئی ادراک ہے۔ملک میں قانون کی حکمرانی نہیں جس کی وجہ سے تمام ادارے تباہی کے دہانے پر ہیں۔ حکمران کوئی بھی قدم اٹھانے کے قابل نہیں رہے۔ایسا لگتا ہے کہ ملک میں سرے سے حکومت نام کی کوئی چیز نہیں۔چودھری عمرفاروق گجر نے کہا کہ مہنگائی ناقابل برداشت ہوچکی ہے اور عام آدمی فاقہ کشی پر مجبور ہے۔ دال سبزی پر گزارہ کرنے والا سفید پوش طبقہ پس کررہ گیا ہے۔سبزی گوشت کی قیمت پر مل رہی ہے۔100 روپے میں 2 کلو آٹا نہیں آتا۔ادرک پیاز اور ٹماٹر جیسی سبزیوں کی قیمتیں آسمان پر پہنچ گئی ہیں۔ ملک میں روزگار ختم ہو کررہ گیا ہے۔ اب تو مزدوروں کو بھی روزانہ مزدوری نہیں مل رہی جس کی وجہ سے ان کے لیے اپنے بچوں کا پیٹ پالنا مشکل ہوگیا ہے۔انہوں نے کہا کہ عوام کے صبر کا پیمانہ دن بدن لبریز ہوتا جارہا ہے۔اگر یہی صورتحال رہی تو عوام زیادہ دیر حکمرانوں کو برداشت نہیں کریں گے اور گھروں میں بھوک سے مرنے کے بجائے حکمرانوں کے گریبان پکڑنے کے لیے اٹھ کھڑے ہوںگے۔