سکھر،میانی روڈ کا ٹرانسفارمر5 روز سے خراب،مکینوں کا احتجاج

79

سکھر (نمائندہ جسارت) نصرت کالونی نمبر تین میانی روڈ کے مکینوں نے پانچ روز سے خراب ٹرانسفارمر درست نہ کیے جانے کیخلاف متعلقہ سب ڈویژن بندر روڈ کے عملے کیخلاف احتجاجی مظاہرہ کیا اور عملے کی مبینہ زیادتیوں اور بجلی کی بندش کیخلاف شدید نعریبازی کی۔ مظاہرین نے ہاتھوں میں سیپکو زیادتیوں کیخلاف پلے کارڈ اٹھا رکھے تھے۔ مظاہرے میں شامل علاقہ معززین ظہور الدین انصاری، محمد الیاس، محمد فرھاد، زکی انصاری و دیگر نے بتایا کہ علاقے کے ٹرانسفارمر کو خراب ہوئے پانچ روز گزر چکے ہیں، علاقہ تاریکی میں ڈوبا ہوا ہے، بجلی کی بندش کے باعث گھریلو اور کاروباری سرگرمیاں مفلوج ہوگئی ہیں۔ سیپکو نے صارفین کو سہولیات دینے کے بجائے پیسے بٹورنے کے لیے نت نئے ہتھکنڈے استعمال کرنا شروع کردیے ہیں، میٹر لگوائو تو پیسہ دو، ٹرانسفارمر درست کرائو تو پیسہ تو، لائن درست کرائو تو پیسہ دو اور اگر عملے کو پیسہ نہ دیا تو بجلی کاٹ دی جاتی ہے جو انتہائی افسوسناک عمل ہے، شکایات کے باوجود پانچ روز گزرنے کے بعد بھی متعلقہ سب ڈویژن کا عملہ بھاری رشوت طلب کررہا ہے جو علاقہ مکینوں کیساتھ سراسر ظلم و زیادتی ہے۔ مظاہرین نے وفاقی وزیر پانی و بجلی، سیپکو چیف و دیگر بالا افسران سے مطالبہ کیا ہے کہ علاقے کے خراب ٹرانسفارمر کو درست کراکے تاریکی میں ڈوبے ہوئے علاقے کو روشن کرایا جائے اور رشوت ستانی میں ملوث سیپکو عملے کیخلاف محکمہ جاتی کارروائی عمل میں لائی جائے، بصورت دیگر احتجاج کا دائرہ بڑھا دیں گے۔