حکومت کی جڑیں کٹ گئیں اب دن گنتے جاؤ،مولانا فضل الرحمان

116

بنوں: جمیعت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ حکومت کی جڑیں کٹ گئیں اور چولیں ہل گئیں  اب دن گنتے جاؤ۔

جمیعت علما اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ہم پاکستان کی جمہوریت اورآئین کے تحفظ کے لیے نکلے ہیں، شاہرایں بند ہوتی ہیں تولوگوں کو پریشانی ہوتی ہے،مجھے احساس ہے، ہم اسلام آباد ویسے نہیں گئے اور ایسےواپس  نہیں آئے، حکومت کی جڑیں کٹ گئیں اور چولیں ہل گئیں حکمران اب دن گننا شروع کردیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی اپنی پارٹی کے لوگ حساب مانگتے ہیں لیکن تم حساب نہیں دیتے، اتنا بڑا چوردوسروں کو چور کہتا ہے، آپ کے پاس مخالفین کو گالیاں دینے کے علاوہ اور کچھ نہیں ہے، ان کا کوئی نظریہ نہیں ہے، ان باتوں سے حکومتیں نہیں چلتیں، سلائی مشین سے70 ارب ڈالر روپے کمائے ہیں اس کی تحقیقات نہیں ہوگی، ایسی کوئی مشین ہمیں بھی دلادو۔

جے یو آئی  کے سربراہ نے کہا کہ ہم میدان میں کھڑے ہیں اداروں کے پیچھے چھپنے والے نہیں، آؤ میرا اور اپنے کردار کا مقابلہ کرو، میرے والد اور اپنے والد کے کردار کا بھی مقابلہ کرو۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم پاکستان سے بدتہذیبی کی سیاست کا خاتمہ کرینگے، پاکستان سے اس ناجائز حکومت کا خاتمہ ہوگا، کہتے تھے پاکستان کے 200 ارب ڈالر باہر پڑے ہیں، ہم پر الزام لگایا کہ منی لانڈرنگ ہوئی ہے لیکن ایف بی آر نے کہا کہ پاکستان سے کوئی پیسہ غیر قانون طور پر نہیں گیا، تو پھر کیوں ڈرامے کئے گئے؟۔