کے پی کے:فنڈکی تقسیم وقانون سازی پر حکومت اور اپوزیشن متفق

44

پشاور(اے پی پی)خیبرپختونخواحکومت اور اپوزیشن کے مابین فنڈزکی منصفانہ تقسیم اور قانون سازی کے عمل میں مشاورت پراتفاق ،حکومت نے 4وزرا پرمشتمل کمیٹی تشکیل دیدی ۔منگل کے روز حزب اختلاف کے اراکین صوبائی اسمبلی کی جانب سے وزیراعلیٰ ہائوس کے باہر مارچ اور احتجاجی دھرنے کے دوران صوبائی وزرا شوکت یوسفزئی،اکبرایوب،قلندرلودھی اور سلطان محمدخان نے اپوزیشن کومناکر وزیراعلیٰ سے ملاقات کے لیے وزیراعلیٰ ہائوس لے گئے ،مذاکرات کے بعد حکومت کی جانب سے شوکت یوسفزئی ،قلندرلودھی ،اکبرایوب اورسلطان محمد اوراپوزیشن کی جانب سے سردارحسین بابک،عنایت اللہ ،اورنگزیب نلہوٹھا،نثارگل کاکاخیل، شیر اعظم وزیر اورنگہت اورکزئی پر مشتمل کمیٹی پر اتفاق ہو گیا۔ وزیراعلیٰ ہائوس کے باہر میڈیاسے گفتگو کرتے ہوئے اے این پی کے سرداربابک نے کہاکہ وزیراعلیٰ نے یقین دلایاہے کہ اپوزیشن کے کسی بھی حلقے کوترقیاتی فنڈزسے محروم نہیں رکھاجائے گا ،حکومت نے یہ بھی یقین دلایا کہ قانون سازی سے متعلق بھی اپوزیشن سے مشاورت کی جائیگی ، جمعرات کے روز کمیٹی کاپہلا اجلاس ہوگا ۔ شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ خیبرپختونخوا حکومت اپوزیشن کو ساتھ لیکر چلنا چاہتی ہے، سندھ میں اپوزیشن کے ساتھ بہت ناانصافی کی جا رہی ہے ، کے پی کے میں اپوزیشن کو بھی ترقیاتی کاموں کے لیے منصفانہ فنڈ دیے جائیں گے،جمعرات کے روز حزب اختلاف کے اراکین بھی وزیر اعلیٰ کے پی کے سے ملاقات کر سکتے ہیں، اپوزیشن سے مثبت رویے کی امید ہے۔
کے پی کے