پشاور(اے پی پی)ضلع بنوں میں نو تعینات ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن آفیسر بنوں طارق محسود نے چارج سنبھال لیا۔ اس موقع پر انہوں نے ہیوی ٹرانسپورٹ یونین بنوں کے صدر ملک نیک دراز خان،ملک حضر حیات خان اور میرداد خان کی سربراہی میں ٹرانسپورٹروں کے وفد سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ ہماری اولین ترجیح ٹرانسپورٹروں ،تاجروں اور غریب رکشا ڈرائیوروں کے مسائل حل کرنا اور منشیات پر کنٹرول ہے چارج سنبھالتے ہم نے سب سے پہلے کمشنر بنوں سے ملاقات کی اور کہا کہ ہمارے پاس اسٹاف کی کمی ہے جس پر کمشنر بنوں نے یقین دہانی کرائی کہ وہ ڈی آئی جی بنوں سے ملاقات کریں گے اور منشیات کیخلاف ایکسائز اور بنوں پولیس مشترکہ آپریشن شروع کریگی تاکہ منشیات کی لعنت کا خاتمہ کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ منشیات کے نقصانات اور منفی اثرات کے بارے میں ہم یونیورسٹی سمیت تمام تعلیمی اداروں میں سیمینار منعقد کریں گے تاکہ نوجوان نسل میں منشیات کے نقصانات کے بارے میں شعور اجاگر کیا جاسکے۔ انہوں نے کہا کہ ہم ٹرانسپورٹروں،تاجروں اور غریب رکشا ڈرائیوروں کے مسائل جرگہ اور مذاکرات کے ذریعے حل کریں گے اور رکشا ڈرائیوروں کو فیس ادائیگی کیلیے وقت دیں گے جبکہ تاجروں کے ساتھ فنانس ایکٹ2019ء کے تحت ٹیکس معاملات چلائیں گے اور ہم کاروباری طبقے سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ ٹیکس جمع کرکے محب وطن شہری ہونے کا ثبوت دیں جبکہ ٹیکس نادہندگان کی جائدادیں ضبط کی جائیں گی،جبکہ دفتر میں سرکاری فیس سے زائد فیس وصول کرنے والے اہلکاروں کیخلاف قانوی کارروائی عمل میں لائی جائیگی۔