منبر و محراب نے ہمیشہ دین کے تحفظ میں اپنا کردار ادا کیا

71

پشاور (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی و ممبرصوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ دینی مدارس اسلام کے قلعے ہیں اور منبر و محراب نے ہمیشہ دین کے تحفظ اور ملک کی سلامتی کے لیے اپنا کردار ادا کیا ہے اور ان شاء اللہ یہ کردار آئندہ بھی جاری رہے گا اور علماء کرام اپنے اتحاد و یکجہتی سے دینی مدارس کے خلاف سازشوں اور ملک کو لبرل اور سیکولر بنانے کی کوششوں کو ہر گز کامیاب نہیں ہو نے دیں گے ۔علماء کرام تمام تر مسلکی اور فروعی اختلافات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے اتحاد امت کی جدو جہد جاری رکھیں اور عوام الناس کی درست سمت رہنمائی کرتے رہیں گے ۔وہ دارالعلوم تفہیم القرآن سرباٹ دیر بالا میں طلبا ء سے خطاب کر رہے تھے ۔تقریب سے مہتمم دارلعلوم تفہیم القرآن مولانا ظہیر الحسن نے بھی خطا ب کیا ۔ عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امت مسلمہ کے مسائل کا حل یہ ہے کہ دینی اورعصری علوم کا تفریق ختم ہو کیونکہ یہ تقسیم اسلام کے بنیادی تعلیمات کے مطابق نہیں ہے ۔ انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی کی حکومت ہوگی تو ہم ایسے یونیورسٹیاں اور کالجز بنائیںگے جس میںانجینئر نگ اور میڈیکل کے ساتھ ساتھ قرآن و حدیث اور فقہ کی تعلیمات بھی دی جائے گی ۔ انہوںنے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ تیس لاکھ سے زائد دینی مدارس کے طلباء کو بھی سکول ،کالج اور یونیورسٹی کے طالب کی حیثیت دے ،طبقاتی نظام تعلیم کی وجہ سے دینی مدارس اور اس میں پڑھنے والے طالب علموں کوانکے حقوق سے محروم رکھا گیا ہے جماعت اسلامی کی حکومت آئی تو مسجد میں امامت کرنے والوں کو بھی تنخواہیں دینگے،سکولوں اور کالجوں سمیت ہر ادارے میں ایک عالم اور فاضل کو بھی تعینات کرینگے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت دینی علوم کی سرپرستی کریں اور یہ کافی نہیں کہ سکولز میںاسلامیات کی کتاب لگادی ہے ۔ حکومت تعلیمی اداروں میں دین کے سمجھنے اور سیکھنے کے لیے ماحول پید ا کریں کیونکہ کے ملک کے بقاء اور ترقی کے لیے دینی علوم کو سمجھنا لازمی ہے ۔