پشاور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی خیبرپختونخوا کے سیاسی وانتخابی کمیٹی کا اجلاس نائب امیر جماعت اسلامی و صدر سیاسی کمیٹی عنایت اللہ خان کے صدارت میں ہوا ۔ اجلاس میں صوبائی جنرل سیکرٹری عبدالواسع ،سابق ممبر قومی اسمبلی صاحبزادہ طارق اللہ ، سابق نائب ناظم پشاور ڈاکٹر محمد اقبال خلیل ، سابق ممبر صوبائی اسمبلی سعید گل ، محمدریاض خان ، سردار خان باجوڑی ، حمداللہ جان بڈھنی ، عبدالرزاق عبائی ، عالمگیر آفریدی نے شرکت کی ۔ اجلاس میں ملکی سیاسی صورت حال ، آئندہ بلدیاتی انتخابات ، صوبائی حکومت کی کارکردگی اور تنظیمی امور کا جائزہ لیاگیا ۔ اجلاس میں اس امر پر تشویش کااظہار کیاگیا کہ سابقہ بلدیاتی اداروں کے باقی ماندہ فنڈز کو صوبائی حکومت خرچ کر رہی ہے جو کہ آئندہ انے والے بلدیاتی نمائندوں کا حق ہے ۔ اجلاس میں ضم شدہ قبائلی اضلاع میں مسائل پر بھی تشویش کا اظہار کیاگیا اور اس امر کی نشاندہی کی گئی کہ حکومت نے ضم شدہ اضلاع کو ایک سو ارب سالانہ اور این ایف سی میںتین فی صد حصہ دینے کا اعلان کیا تھا جس پر ابھی تک عمل درآمد نہیں کیاگیا اور نہ ہی ان اضلاع میں میڈیکل کالج ، یونیورسٹی یا کسی اور بڑے منصوبے کا اعلان کیاگیا ۔ اجلاس میں جماعت اسلامی نے بلدیاتی انتخابات میں بھرپور حصہ لینے اور ان کی تیاریوں کے آغاز کا اعلان کردیا ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے نائب امیر جماعت اسلامی و صدر سیاسی و انتخابی کمیٹی عنایت اللہ خان نے کہاکہ حکومت بلدیاتی انتخابات میںپس و پشت سے کا م لے رہی ہے حکومت فوری طور پر بلدیاتی انتخابا ت اعلان کریں ۔ انہوںنے کہاکہ موجودہ حکومت عوامی مسائل کے حل میں مکمل طور پر ناکام ہوچکی ہے ۔حکومت نے ایک دن کے لیے بھی نظا م کو چلانے میں سنجیدگی نہیں دکھائی۔حکمرانوںکی الٹی سیدھی حرکتوں اور بیانات سے سیاسی انار کی میں روز بروز اضافہ ہورہا ہے۔ انہوںنے کہاکہ حکومت کی چودہ ماہ کی کارکردگی جھوٹے وعدوں ور ناکامیوں کا مجموعہ ہے۔معیشت کو ٹھیک کرنے کے بلند و بانگ دعوئوں کی قلعی کھل گئی ہے اور معاشی زبوں حالی آخری حدوں کو چھو رہی ہے۔مہنگائی اور بے روزگاری بے قابو ہوچکی ہے۔ مہنگائی کے ہاتھوں لوگ نان شبینہ کے محتاج ہوچکے ہیں، لوگوں کے گھروں میں فاقوں نے مستقل ڈیرے ڈال لیے ہیں۔انہوں نے کہاکہ بڑھتی ہوئی مہنگائی کو روکنے کے لیے حکومت کو کوئی راہ سجھائی نہیں دے رہی۔انہوں نے کہاکہ ملک میں حقیقی اپوزیش کا کردار جماعت اسلامی ادا کر رہی ہے ۔