جنرل اسمبلی میں حق خودارادیت کی حمایت میں پاکستانی قرار داد منظور

59

نیویارک/مقبوضہ کشمیر(صباح نیوز)اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے پاکستان کی جانب سے حق خودارادیت کی حمایت میں قرار داد اتفاقِ رائے سے منظور کر لی۔پاکستان کے اقوام متحدہ میں مستقل مندوب منیر اکرم نے اقوامِ متحدہ کی جنرل اسمبلی میں حق خودارادیت کی حمایت کی قرار داد پیش کی۔منیر اکرم نے قرار داد میں کہا ہے کہ کوئی بھی ملک جارحیت، کرفیو اور غیر قانونی پابندیاں لگا کر مقبوضہ علاقوں میں عوام کا حق خود ارادیت غصب نہیں کر سکتا۔یہ قرارداد دنیا بھر کے 81ممالک کے تعاون سے مشترکہ طور پر 193رکنی اسمبلی کی تیسری کمیٹی میں بغیر کسی ووٹ کے منظور کی گئی، جس کا مقصد مقبوضہ کشمیر کے شہریوں اور فلسطینیوں سمیت حق خود ارادیت کے لیے لوگوں کی جدوجہد پر دنیا کی توجہ مرکوز کرانا ہے۔واضح رہے کہ بھارتی قابض و غاصب حکومت کی جانب سے مقبوضہ کشمیر کی آئینی حیثیت تبدیل کرنے اور 5 اگست سے مقبوضہ وادی میں کرفیو، لاک ڈاون اور غیر آئینی و قانونی پابندیوں کے باعث کشمیریوں کا جینا مشکل ہو چکا ہے، اس دوران متعدد نہتے کشمیری شہید اور زخمی ہو چکے ہیں۔قابض بھارتی حکومت نے کشمیریوں پر ظلم ڈھانے کی نئی حکمت عملی اپنائی ہے جس کے تحت مقبوضہ کشمیر میں ساڑھے 5 سو روبوٹس تعینات کیے جا رہے ہیں۔اسلحے سے لیس یہ روبوٹس فائرنگ کرنے کے علاوہ سرحدی علاقوں میں نقل و حرکت پر بھی نظر رکھیں گے۔یہ روبوٹس سیڑھیاں چڑھنے، رکاوٹیں عبور کرنے اور گرینیڈ پھینکنے کی صلاحیتوں کے بھی حامل ہیں۔