عوام کو جلد حکومت کے خاتمے کی نوید ملے گی، فضل الرحمن

304

ڈیرہ اسماعیل خان(صباح نیوز)جمعیت علمائے اسلام (ف)کے سربراہ مولانا فضل الرحمن نے کہا ہے کہ عوام کو جلد حکومت کے خاتمے کی نوید ملے گی،ہمیں بلوچستان حکومت، چیئرمین سینیٹ اور گورنر پختونخوا کے عہدوں کی پیشکش ہوئی جسے ہم نے ٹھکرا دیا ہے ۔ڈیرہ اسماعیل خان میں پریس کانفرنس کے دوران مولانا فضل الرحمن کا کہنا تھا کہ حکومت کے خلاف ہماری تحریک برقرار رہے گی، نئے الیکشن اور حکومت کے خاتمے کی جلد نوید عوام کو ملے گی، عوامی قوت سے ملکی نظام بند کیا جاسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام آباد مارچ اب ملک کے دیگر حصوں تک پھیل چکا ہے، ازسرنو عام انتخابات ہوں گے اور عوامی نمائندہ حکومت تشکیل دی جائے گی لہٰذا وزیراعظم کے پاس کوئی راستہ نہیں استعفا دینا ہی پڑے گا۔فضل الرحمن نے کہا کہ حکومت بوکھلاہٹ کا شکار ہے، وزیراعظم کی تقریر میں جو الفاظ استعمال ہوئے وہ ان کے شایان شان نہیں، ہم ملکی ترقی چاہتے ہیں تاہم موجودہ حکومت میں ترقی سکڑ گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عوام کی قوت خرید بالکل ختم ہوگئی ہے، ایسی حکومت کو مزید وقت نہیں دیاجائے گا جبکہ اوروں کو چور کہنے والے اب احتساب سے ڈر رہے ہیں۔مولانا فضل الرحمن نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے فارن فنڈنگ کیس کی روزانہ سماعت کا حکم دے دیا ہے، 5دسمبر کو چیف الیکشن کمشنر ریٹائر ہو رہے ہیں، امید ہے کہ وہ ریٹائرمنٹ سے قبل اس کا فیصلہ دیں گے ورنہ انہیں ایکسٹینشن دی جائے۔انہوں نے پریس کانفرنس میں اپنا پرانا مطالبہ دہرایا کہ وزیرِ اعظم استعفا دیں یا پھر 3مہینے کے اندر اندر الیکشن کرائے جائیں۔انہوں کہا کہ ہمارے کارکنان تازہ دم ہیں، اب ہر ضلع میں مظاہرے شروع ہوں گے اور تحریک ملک کے بازاروں تک جائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ہم آگے بڑھیں گے اور بڑھتے چلے جائیں گے یہاں تک کے ناجائز حکومت کا خاتمہ نہ جائے ۔ان کا کہنا تھا کہ اسلام آباد میں عوام کی سمندر نے پرامن ہونے کا ثبوت دیا، مذہبی جماعتوں کا غلط چہرا دکھانے والوں کو ثابت کیا کہ ہم پرامن ہیں اور اگر کارکنوں کو گرفتار کیا تو جیلیں بھر دیں گے۔دوسری جانب جے یو آئی (ف) کے رہنما اکرم خان درانی نے کہا ہے کہ جمعہ سے ملک بھر میں حکومت کے خلاف احتجاج اور مظاہرے ہوں گے۔آمدن سے زاید اثاثہ جات کیس میں عبوری ضمانت میں توسیع کے لیے رہبر کمیٹی کے کنوینئر اکرم درانی اسلام آباد ہائی کورٹ پہنچے۔اس موقع پر اکرم درانی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے پی ٹی آئی فارن فنڈنگ کی روزانہ سماعت کا مطالبہ منظور ہونے سے متعلق سوال کے جواب میں اکرم خان درانی نے کہا کہ یہ تو کمال ہوگیا۔ انہوں نے کہا کہ عوام کو جلد ہی خوشخبری ملے گی، دھرنے کا مقصد اور فائدہ جلد عوام کے سامنے آجائے گا، عمران خان کو چاہیے کہ پہلے ہی اخلاقی طور پرمستعفی ہوجائیں، پی ٹی آئی فارن فنڈنگ میں عدالتوں کے پیچھے چھپنے کا معاملہ اب ختم ہوچکا، الیکشن کمیشن کے فارن فنڈنگ کیس کے فیصلے کے بعد عمران خان کی پارٹی ختم ہو جائے گی۔