لاہور،گھریلو تنازع پر ماں نے 2 بچوں کو پانی کے ٹینک میں ڈبو کر ماردیا

68

لاہور، پشاور (آئی این پی) گلبرگ میں شادی کے گھر میں صفِ ماتم بچھ گئی، جہاں مسلح افراد نے شادی سے تین روز قبل دلہن کو قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق گلبرگ کی رہائشی مقتولہ حرا کے والد نے گھر کی بیل بجائی تو لڑکی نے دروازہ کھولا اور اس دوران اچانک نامعلوم موٹر سائیکل سواروں نے لڑکی کو پکڑ لیا جس پر والد نے مزاحمت کی تو حملہ آوروں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایا۔ اس دوران موٹر سائیکل سوار مسلح افراد لڑکی کو زبردستی ساتھ لے گئے اور کچھ دور جاکر گولیاں مار کر قتل کردیا۔ پولیس کے مطابق ملزمان جاتے ہوئے لڑکی کا زیور بھی اتار کر لے گئے جبکہ مقتولہ کی تین روز بعد شادی تھی۔ پولیس نے لڑکی کے قتل کا مقدمہ مقتولہ کے والد کی مدعیت میں درج کرلیا، جس میں کہا گیا ہے کہ2 افراد بیٹی کو گھر کے قریب گرائونڈ میں لے گئے اور قتل کردیا، ملزمان کو پکڑنے کی کوشش کی لیکن وہ فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ پولیس نے لڑکی کے موبائل فون کا ریکارڈ قبضے میں لے کر واقعے کی تحقیقات شروع کردیں۔ لاہور میں گھریلو تنازع پر ماں نے اپنے 2 بچوں کو پانی کی ٹینکی میں ڈبو کر مار ڈالا، جبکہ بعد ازاں چھری سے اپنا گلہ کاٹ کر خودکشی کرنے کی بھی کوشش کی۔ پولیس کے مطابق سلامت پورہ مانگا روڈ رائیونڈ کی رہائشی 2 بچوں کی ماں 27 سالہ ناہیدہ بی بی کی شادی صوابی میں ناصر سے ہوئی ہے۔ ناہیدہ بی بی کے 2 بچے تھے جن میں احتشام عمر 4 سال اور مہروبہ جس کی عمر5 سال تھی، ناہیدہ بی بی خاوند سے جھگڑے کے بعد دونوں بچوں سمیت اپنے ماں باپ کے گھر رائیونڈ آئی ہوئی تھی، رات ناصر اور اس کے گھر والے اس کو منانے آئے تاہم ناہیدہ بی بی نے جانے سے انکار کردیا۔ بعد ازاں اسی رات جب سب گھر والے سورہے تھے ناہیدہ بی بی نے صبح 4 بجے اپنے 2 بچوں کو پانی کی ٹینکی میں پھینک دیا، جن کی موقع پر ہی موت واقع ہوگئی جبکہ تیز دھار چھری سے ناہیدہ بی بی نے اپنی شہہ رگ کاٹ کر خودکشی کرنے کی بھی کوشش کی۔ ناہیدہ بی بی کی شور کی آواز سن کر گھر والے اٹھے اور اس کو خون میں لت پت دیکھ کر رائیونڈ پولیس اور ریسکیو کو اطلاع کردی۔ ریسکیو1122 نے ناہیدہ بی بی کو زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا جب کہ لاشوں کو مردہ خانہ منتقل کردیا گیا ہے۔ پشاور صوابی پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے بہن کے گھر میں لاکھوں روپے ڈکیتی کرنے والے بھائی سمیت چار ڈکیت گروہ کے ارکان کو گرفتار کرلیا۔ مصری بانڈہ اورنگ آباد صوابی میں مدعی مکمل شاہ ولد پیر دول شاہ سکنہ مصری بانڈہ اورنگ آباد نے تھانہ صوابی میں رپورٹ درج کرکے پولیس کو بتایا کہ گھر میں درمیانی شب چار مسلح نامعلوم افراد نے گھس کر اسلحہ کی نوک پر انہیں یرغمال بنا کر 2 لاکھ روپے نقدی، 3 تولے سونے کی زیوارات، تین عدد موبائل فونز و دیگر قیمتی سامان لے کر فرار ہوگئے۔ اس واقعہ پر ڈی پی او صوابی سید خالد ہمدانی نے سختی سے نوٹس لیتے ہوئے مقامی پولیس کو ڈکیت گروہ کو ٹریس اور انہیں جلد گرفتار کرنے کا ٹاسک دیا۔ جس پر ڈی ایس پی صوابی لقمان خان کی نگرانی میں تشکیل شدہ ٹیم ایس ایچ او صوابی انسپکٹر نور الامین خان اور دیگر پولیس ٹیم کے ہمراہ کارروائی کرتے ہوئے مدعی کی نشاندہی پر ڈکیتی کرنے والا سرغنہ نہار علی ولد مزمل شاہ جو مدعی مکمل شاہ کا بہنوئی ہے کو گرفتار کرکے دوران تفتیش انہوں نے ڈکیتی میں ملوث دیگر ساتھیوں کے نام اگل دیے جس پر پولیس نے مزید کارروائی کرتے ہوئے اجمل ولد عزیز خان، سلمان ولد عبدالرحمن ساکنان باچائی اور انور شاہ ولد عطر شاہ سکنہ پابینی کو ڈرامائی انداز میں گرفتار کرکے سرقہ شدہ رقم، زیورات اور دیگر موبائل فونز سامان برآمد کرلیے۔