تنازع کشمیر دنیا کو جوہری تصادم کی جانب لے جا رہا ہے، عبدالغنی بٹ

62

سرینگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں سینئر حریت رہنما پروفیسر عبدالغنی بٹ نے کہا ہے کہ بھارت کو یہ حقیقت تسلیم کرلینی چاہیے کہ جموں و کشمیر عالمی سطح پر ایک تسلیم شدہ تنازع ہے جس کی تصدیق اقوام متحدہ کی قراردادیں بھی کرتی ہیں، اگر تنازع کشمیر کو حل نہ کیا گیا تو جنوبی ایشیا کی صورتحال جوہری تصادم کی طرف جاسکتی ہے جس کے تباہ کن نتائج کی دنیا متحمل نہیں ہو سکتی۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطا بق پروفیسر عبدالغنی بٹ نے سرینگر میں ایک میڈیا انٹرویو میںکہا کہ بھارتی فوجیوں کے ہاتھوں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں قابل مذمت ہیں جبکہ فوجی محاصرہ اور انٹرنیٹ کی معطلی انسانی حقوق کی بدترین خلاف ورزی ہے۔ مقبوضہ کشمیر کے لوگ اپنے گھروں میں بیٹھے ہیں اور اس طرح سے وہ ایک باوقار انداز میں ناروا بھارتی اقدامات کے خلاف اپنی ناراضگی کا اظہار کر رہے ہیں۔ پروفیسر بٹ نے کہا کہ پاکستان خاص طور پر اس کے وزیراعظم عمران خان کی کوششوں کی وجہ سے مسئلہ کشمیر دنیا میں توجہ کا مرکز بن گیا ہے اور یہ مسئلہ عالمی طاقتوں کیلیے پہلی ترجیح بن چکا ہے۔