قابض بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کررہی ہیں

63

راولاکوٹ(وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ وزیر اعظم پاکستان عمران خان قائد حریت سید علی گیلانی کے خط میں اٹھائے گے نقاط پر سنجیدگی سے غورکر کے کشمیر کی آزادی کیلیے عملی اقدامات کریں ،بھارت نے یکطرفہ طور پر کشمیر کی خصوصی حیثیت ختم کر کے عملاً کشمیرکو اپنی یونین کا حصہ بنا لیا ہے ،بھارت نے پاکستان کے ساتھ کیے گے دوطرفہ معاہدات کو بھی اس فیصلے کے بعد عملاً ختم کردیا ہے حکومت پاکستان بھارت کے ساتھ تمام معاہدات ختم کرنے کا اعلان کرے ،سید علی گیلانی کے احساسات اور جذبات پوری کشمیری قوم کی ترجمانی ہے، جنرل مشرف کے دور میں لگوائی گئی باڑجس سے کشمیر تقسیم ہوا اس کو فوری طور پر اڑا یا جائے۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے اندر کرفیو کو 111دن ہوچکے قابض بھارتی افواج مقبوضہ کشمیر میں ظلم کی انتہا کررہی ہیں سوا کروڑ انسانوںکو بڑی جیل میں قید کر کے ان پر مظالم ڈھائے جارہے ہیں ،سید علی گیلانی کے خط کا وزیر اعظم پاکستان کی طرف سے جواب کا نہ آنا مزید شکوک و شبہات میں اضافے کا باعث بن رہا ہے ، حکومت پاکستان کشمیری قیادت کو اعتماد میں لے کر کشمیر کی آزادی کا روڈ میپ دے۔انہوں نے کہاکہ بھارت کے اس اقدام کی وجہ سے پوری دنیا میں مسئلہ کشمیر فلش پوائنٹ بنا ہے بھارت کے اس اقدام کو پوری دنیا نے مسترد کیا ہے، عالمی سطح پر اس فضا سے استفادہ کرنے کی ضرورت ہے حکومت پاکستان جارحانہ سفارتی مہم منظم کرے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے مطالبہ کرے کہ وہ بھارت کے خلاف فوجی کارروائی کرے، بھارت مقبوضہ کشمیرمیں جنگی جرائم کا مرتکب ہو رہا ہے عالمی برادری کی ذمے داری ہے کہ وہ کشمیریوں کو بھارتی مظالم سے نجات دلائے اور بھارت کے خلاف جنگی جرائم کی پاداش میں کارروائی کرے اقوام متحدہ اس موقع پر بھی خاموش رہے گی تو اس کا حشر لیگ آف نیشن سے بھی برا ہوگا۔