پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ معاشی استحکام اور پورے صوبے بشمول قبائلی اضلاع کی مجموعی ترقی صوبائی حکومت کا عزم ہے، پاکستان تحریک انصاف کی صوبائی حکومت نے صوبے میں اصلاحات کے سا تھ ساتھ معیشت کے استحکام کے لیے عملی اقدامات اْٹھائے ہیں، صوبے میں معاشی ترقی کے لیے عملی اقدامات اْٹھائے ہیں۔وزیراعلیٰ ہائوس میں اراکین صوبائی اسمبلی سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ تحریک انصاف ایک ایسی سیاسی جماعت ہے جو پہلی دفعہ ایک فلاحی ریاست کے قیام کے لیے عملی اقدامات کررہی ہے جبکہ انصاف کی فراہمی ، قانون کی بالادستی اور معاشرے کے کمزور طبقے کی ترقی کے وژن پر عمل پیرا ہے، ہم نے سیاست سے بالاتر ہو کر پسماندہ اور کمزور طبقے کے لیے خصوصی اقدامات اْٹھانے ہیں، صوبے کے تمام پسماندہ علاقوں میں صحت اور تعلیم کے فروغ پر خصوصی توجہ دی جارہی ہے، یہی وجہ ہے کہ وہ نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع کی ترقی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں اور وہاں پر تعلیم اور صحت کی فراہمی کے لیے توجہ مرکوز کیے ہوئے ہیں۔ اْنہوںنے کہاکہ جنوبی اضلاع کی ترقی کے لیے پشاور تا ڈی آئی خان ایکسپریس وے کی تکمیل ترجیحی بنیادوں پر ممکن بنائی جائے گی جس سے بہترین سفری سہولیات کے ساتھ جنوبی اضلاع میں تجارتی سرگرمیوں اور صوبے کے بڑی بڑی منڈیوںتک رسائی ممکن ہو سکے گی۔