پوری اُمت مسلمہ غازی عمرڈابہ کو سلام پیش کرتی ہے

81

راولپنڈی(وقائع نگار خصوصی)امیر جماعت اسلامی سٹی ڈسٹرکٹ راولپنڈی سید عارف شیرازی نے ناروے میں قرآن پاک کی بے حرمتی اور جلانے کے دلخراش واقعہ کی شدید مذمت کرتے ہوئے اس واقعہ میں ملوث افرادکے خلاف فوری کارروائی کا مطالبہ کیا ہے۔ اپنے ایک بیان میں سید عارف شیرازی نے کہا ہے کہ ناروے میں ہونے والا واقعہ اسلام دشمن عناصر اور مقامی انتظامیہ کی ملی بھگت کی وجہ سے ہوا ہے۔ یہ اسلام دشمنی اور دہشتگردی ہے ، اس کی جتنی بھی مذمت کی جائے کم ہے۔اس واقعہ سے دُنیابھر کے مسلمانوں کی دل آزاری ہوئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ عمرڈابہ نامی نوجوان نے غیرت ایمانی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اور اپنی جان پر کھیل کر قرآن مجید کو جلانے کی ناپاک سازش کو ناکام بنایا ہے۔ پوری اُمت مسلمہ غازی عمر ڈابہ کو سلام پیش کرتی ہے ۔اس نے دُنیا بھر کے مسلمانوں کا سر فخر سے بلند کردیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ یہ ایک حقیقت ہے کہ امریکا اور یورپ والے خود مسلمانوں کی دل آزاری کرتے اور اس قسم کے افسوسناک واقعات کی حوصلہ افزائی کرتے ہیں ۔جس سے مسلمانوں میں اشتعال ایک فطری رد عمل کے طور پر سامنے آتا ہے۔ جب مسلمان رد عمل دکھاتے ہیں تو ان پر دہشت گردی اور انتہا پسندی کا لیبل لگا دیا جاتا ہے۔اشتعا ل دلانے اور دہشت گردی کی ابتدا تو خود مغرب والوں کی طرف سے ہوتی ہے۔ جس کو آزدی اظہار کا نام دیا جاتا ہے۔سید عارف شیرازی نے حکومت پاکستان ٗاو آئی سی اور مسلم حکمرانوں سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ ناروے کی حکومت سے سخت احتجاج کریں ۔قرآن پاک کو جلانے والے دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کریں۔آئندہ اس قسم کے واقعات کی روک تھام کے لیے اقدامات کرنے کا مطالبہ بھی کریں۔