ڈیرہ مراد جمالی، پرانی دشمنی پرفائرنگ، دوسگے بھائی قتل

44

ڈیرہ مراد جمالی، ساہیوال (اے پی پی) جعفر آباد کے علاقے میں پرانی دشمنی کی بنا پر فائرنگ سے دو سگے بھائی قتل، بچی شدید زخمی ہوگئی، مقتولین کے ورثا نے لاشوں کو سندھ بلوچستان قومی شاہراہ ٹائر نذر آتش کرکے بلاک کردیا۔ پولیس کے مطابق جعفر آباد کی تحصیل اوستہ محمد کے صدر پولیس تھانے کی حدود گوٹھ قاضی عبدالصمد میں پرانی دشمنی کی بنا پر نامعلوم مسلح افراد نے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کرکے دو سگے بھائیوں چاکر جویا اور بجار جویا کو قتل کردیا جبکہ فائرنگ کی زد میں آکر معصوم بچی صائمہ بی بی شدید زخمی ہوگئی، ملزمان فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔ واقع کے بعد علاقے میں شدید خوف وہراس پھیل گیا، علاقہ مکینوں نے مقامی پولیس کو اطلاع کردی، جس پر صدر تھانے کی پولیس جائے وقوعہ پر پہنچ گئی اور لاشوں کو سول اسپتال اوستہ محمد پہنچا دیا، جہاں ضروری کارروائی کے بعد لاشوں کو ورثا کے حوالے کرکے اوستہ محمد پولیس نے تفتیش شروع کردی۔ بعد ازاں مقتولین کے ورثا نے ڈیرہ مراد جمالی پہنچ کر لاشوں کو پٹ فیڈر کینال کے مقام پر سندھ بلوچستان قومی شاہراہ پر رکھ کر احتجاج کیا اور ٹائر نذر آتش کرکے سندھ بلوچستان قومی شاہراہ بلاک کردی۔ مظاہرین سے ڈپٹی کمشنر نصیر آباد ظفر علی محمد شہی اور ایس ایس پی جعفر آباد علی آصف شاہ نے کامیاب مذاکرات کیے، ملزمان کی جلد گرفتاری کی یقین دہانی پر مظاہرین نے قومی شاہراہ کو ٹریفک کے لیے کھول دیا۔ ساہیوال میں 3 نامعلوم مسلح ملزمان نے گھر میں گھس کر ٹارگٹ کرکے 25 سالہ نوجوان کو گولیاں مار کر قتل کردیا، ملزمان فرار ہوگئے۔ نواحی گائوں 76/5-R کے رہائشی عدنان کے گھر میں رات کے وقت 3 نامعلوم مسلح ملزمان زبردستی گھس آئے اور گھر میں موجود اہل خانہ کو جگا کر عدنان کا پوچھا تو اہل خانہ نے اوپر والی منزل میں ہونے کا بتایا، جس پر تینوں مسلح ملزمان نے اوپر والی منزل میں جاکر 25 سالہ عدنان کو گولیاں مار کر قتل کردیا اور فرار ہوگئے۔ پولیس نے اطلاع ملنے پر لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے ڈی ایچ کیو ٹیچنگ اسپتال منتقل کردیا، پولیس مصروف تفتیش ہے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ عدنان اپنی گاڑی میں بچیوں اور لیڈیز ٹیچرز کو اسکول چھوڑنے کا کام کرتا تھا اور اس دوران کسی کے ساتھ اس کے ساتھ تعلقات قائم ہوئے تھے۔ پولیس مختلف زاویوں سے تفتیش میں مصروف ہے۔