پشاور میں زمین کے تنازع پر تصادم،3افراد جاں بحق

49

پشاور(آئی این پی ) زمین کے تنازع پر 2 گروپوں میں تصادم کے نتیجے میں 3 افراد جاں بحق ہوگئے،25 سال سے جاری جائداد کے تنازع پر 2 گروپوں نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کی۔ تفصیلات کے مطابق پشاور کے علاقے تھانہ انقلاب کی حدود میں زمین کے تنازع پر 2 گروپوں میں تصادم کے باعث 3 افراد جاں بحق ہوگئے۔ پولیس کے مطابق فریقین نے ایک دوسرے پر اندھا دھند فائرنگ کی جس کے نتیجے میں پہلے گروپ سے سے 2 افراد بلال ولد سیدان شاہ اور محمد راحیل ولد محمد جمیل جبکہ دوسرے گروپ سے ایک شخص مسعود ولد محمد نبی موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور تینوں لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔واضح رہے کہ مریم زئی سرہ خاورہ سے تعلق رکھنے والے فریق اول بلال اور فریق دوئم مسعود کے مابین گزشہ 25 سال سے جائیداد کا تنازع چلا آرہا ہے جس کی وجہ سے تصادم ہوا۔