کے الیکٹرک اور اینگرو انرجی کچرے سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ لگائیں گے

367

پلانٹ سے 50میگا واٹ بجلی پید اہو گی،مونس علوی اور اینگرو انرجی احسن ظفر سید نے اس معاہدے پر دستخط کئے

دونوں کمپنیوں کے درمیان کراچی کا پہلا کچرے سے بجلی پیدا کرنے والے پلانٹ قائم کرنے کا معاہدہ ہو گیا

کراچی
کراچی کے سالڈ ویسٹ کومقامی اور قابل تجدید توانائی کے وسائل میں تبدیل کرکے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کو کم کرنے کے مقصد کے تحت ، کے الیکٹرک اور اینگرو انرجی نے 175ملین امریکی ڈالر کی لاگت سے کچرے سے بجلی پیدا کرنے کا پلانٹ لگانے کیلئے مفاہمت کی ایک یادداشت (MoU)پر دستخط کئے ہیں ۔اس پلانٹ کے ذریعے 50میگا واٹ بجلی پیدا کی جائے گی۔کے الیکٹرک کے ہیڈ آفس میں کے الیکٹرک کے چیف ایگزیکٹو آفیسر، مونس علوی اور اینگرو انرجی کے چیف ایگزیکٹو آفیسر احسن ظفر سید نے اس معاہدے پر دستخط کئے۔

اس منصوبے کے ذریعے ، کراچی کے میونسپل سالڈ ویسٹ سے بجلی پیدا کرنے کیلئے روزانہ 3000ٹن کچرا کم ہوگاجو بیک وقت بلدیہ عظمیٰ کے کچرا صاف کرنے کے مسئلے کو حل کرنے میں اہم کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ شہر کی بڑھتی ہوئی بجلی کی طلب کو پورا کرنے میں بھی کلیدی کردار ادا کرے گا۔اس موقع پر کے الیکٹرک کے سی ای او، مونس علوی نے کہا کہ،” کے الیکٹرک شہر کی پائیدار ترقی کیلئے صاف، قابل بھروسہ اور باکفایت بجلی کی فراہمی کیلئے پرعزم ہے۔آج اس معاہدے پر دستخط ،کراچی شہر کو صاف اور سرسبز بنانے کیلئے ہماری کوششوں کا منہ بولتا ثبوت ہے۔ہم تمام متعلقہ اداروں کے تعاون اور ریگولیٹری کی منظوریوں کے بعد اس پروجیکٹ کو جلد سے جلد مکمل کرنے کیلئے پرامید ہیں

۔اطلاعات کے مطابق ، کراچی میں یومیہ 12000سے 15000ٹن کچرا پیدا ہوتا ہے جس کے ذریعے 200میگا واٹ سے زائدبجلی پیدا کی جاسکتی ہے ۔اس پروجیکٹ کی کامیاب کمیشننگ کی بدولت مستقبل میں اس طرح کے مزید پروجیکٹس شروع کرنے میں مدد ملے گی تاکہ کچرے کو ٹھکانے لگانے سے متعلق مسائل کو حل کیا جاسکے جبکہ لینڈ فل سائٹ جگہ (کچرا پھینکنے کی مخصوص جگہ) کی کمی اور گیس کے اخراج کے مسائل بھی حل ہوں گے ۔اینگرو انرجی کے سی ای او احسن ظفر سید کا اس موقع پرکہنا تھا کہ ،”اینگرو اپنے وقت کے اہم مسائل کوحل کرنے میں ہمیشہ پیش پیش رہتا ہے اور ایسا ہی ایک چیلنج ہمارے ملک کوبھی درپیش ہے ،جو ہمارے شہروں میں کچرا اٹھانے کے انتظام کی صورت میں موجودہے ۔کے الیکٹرک کے ساتھ یہ تعاون، پاکستان کے بڑے شہروں میں سے ایک میں کچرا اٹھانے کے مسائل کو حل کرنے کیلئے ہما رے عزم کی عکاسی کرتا ہے ۔

کراچی 2کروڑ سے زیادہ آبادی والا شہر ہے اور کچرے سے بجلی پیدا کرنے والا پلانٹ نہ کے الیکٹرک کے فیول مکس میں صاف توانائی کا اضافہ کرے گا بلکہ ٹھوس کچرے کو منظم کرنے کا ایک پائیدار طریقہ کار بھی فراہم کرے گا جو نہ صرف کراچی کے نظام زندگی کو بہتر بنانے بلکہ ماحول کیلئے بھی نہایت اہم ہے۔“اس معاہدے کے بعد ،سروے کے ذریعے پروجیکٹ سائٹ کی نشاندہی کی جائے گی اور اس دوران پلانٹ سے بجلی حاصل کرنے کے ساتھ ٹھوس کچرے کی دستیابی کو بھی مدنظر رکھا جائے گا ۔اسی کے ساتھ ، متعلقہ حکام کے ساتھ ٹھوس کچرے کی سپلائی چین تیار کرنے کیلئے تحقیقات بھی کی جائیں گی

تاکہ کچرے کو ذخیرہ کرنے، چھانٹنے اور پروجیکٹ سائٹ تک پہنچانے کیلئے موزوں طریقہ کار تجویز کیا جاسکے۔کے الیکٹرک پیداواری صلاحیت کو ماحول دوست ایندھن پر منتقل کرنے کیلئے سرگرم عمل ہے ۔اس حوالے سے کے الیکٹرک کے سسٹم میںمزید 100 میگا واٹس قابل تجدید توانائی شامل کرنے کیلئے دو 25 سالہ Energy Purchase Agreementمعاہدوںپر دستخط کئے جاچکے ہیں ، جن میں سے 50میگا واٹ شمسی توانائی سے بجلی کی فراہمی پہلی ہی شروع ہوچکی ہے ۔ اس کے علاوہ ، کے الیکٹرک اپنے سسٹم میںشمسی ، ہوا اور بائیو گیس پر مبنی قابل تجدید توانائی کے شیئرمیں اضافہ کرنے کیلئے 300 میگا واٹس کے ماحول دوست منصوبوںکا بھی جائزہ لے رہا ہے۔ ان تمام منصوبوں سے ثابت ہوتا ہے کہ، شہر کی پائیدار ترقی کے لئے ماحولیاتی تحفظ اور معاشی استحکام پاور یوٹیلٹی کی اوّلین ترجیحات میں شامل ہیں۔کے الیکٹرک نے ہمیشہ سے ایک ذمہ دار اور ماحول دوست ادارے کے طور پر کام انجام دیا ہے اور پائیدار ماحولیات کے حوالے سے ادارے کی مسلسل کاوشیں اس عزم کی عکاسی کرتی ہیں۔ پاور یوٹیلٹی نے مختلف اسکولوں ، یونیورسٹیوں اور اداروں کے ساتھ اشتراک سے اپنی شجر کاری مہم #PlantForPakistan کے تحت ، اب تک 150,000 سے زائد نئے درخت لگائے ہےں۔