کشمیر ی عوام خوف زدہ ،ہر انچ پر ایک فوجی کھڑا ہے، یشونت سنہا

72

سری نگر (آن لائن) وادی کشمیر اب ایک ملٹری اسٹیٹ بنتا جارہا ہے،ہر انچ پر ایک فوجی کھڑا ہے،عوام میں خوف طاری ہے، ہمیں امید نہیں کہ یہاں کے حالات کب ٹھیک ہونگے۔ یہ بات یشونت سنہا، کپل کاک، شوشبا باروے، وجاہت حبیب اللہ اور بھارت بھوشن پر مشتمل وفد نے 3 روزہ دورے کے بعد سابق رکن پارلیمان یشونت سنہا نے صحا فیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ وادی میں ہر طبقے کے لوگوں سے ملاقات کرکے درپیش مشکلات اور نقصانات کی معلومات حاصل کیں، وادی کے عوام خوفزدہ ہیں، وہ کسی سے کھل کر بات نہیں کرنا چاہتے،یہاں کے حالات ٹھیک نہیں ، ہمیں جنوبی کشمیر کے اضلاع پلوامہ، شوپیاں اور اننت ناگ جانے کی اجازت نہیں ملی، سرینگر کے نزدیک ضلع بڈگام جانے کی اجازت نہیں ملی، پلوامہ سے لوگ ہم سے ملنے آئے۔ ان کے علاوہ وادی کے ہر طبقے سے وابستہ افراد نے ہم سے ملاقات کی انہوں نے اپنی پریشانیوں سے آگاہ کیا، انتظامیہ نے سیاسی رہنماؤں سے ملنے نہیں دیا ، فون پر رکن پارلیمان فاروق عبداللہ سے بات ہوئی تھی ان کو پبلک سیفٹی ایکٹ کے تحت گرفتار کیا گیا ہے اور انہیں پارلیمنٹ میں حاضر ہونے کی اجازت بھی نہیں ہے۔ یشونت سنہا، کپل کاک، شوشبا باروے، وجاہت حبیب اللہ اور بھارت بھوشن پر مشتمل وفد وادی کشمیر کے 3 روزہ دورے پر سرینگر آیا تھا ۔ساؤتھ ایشین وائر کے مطابق وفد کا کہنا ہے کہ وہ اپنی رپورٹ کے ذریعے کشمیر کے حالات کی اصلی تصویر منظر عام پر لائے گا۔