کشمیری بھارت سے نجات کیلیے او آئی سی کی طرف دیکھ رہے ہیں، سردار مسعود

40

مظفر آباد/ جدہ (اے پی پی) آزاد جموں و کشمیر کے صدر سردار مسعود خان نے افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں انتہائی سفاکیت کا مظاہرہ کر رہا ہے، کشمیر کے لوگ اپنی تاریخ کے اس سیاہ دور میں او آئی سی کی طرف دیکھ رہے ہیں، او آئی سی کے رکن ممالک کو بھارت پر دبائو ڈالنا چاہیے کہ وہ کشمیریوں کو تباہ کرنے سے باز رہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے او آئی سی کے خودمختار مستقل انسانی حقوق کمیشن کے 16ویں باقاعدہ اجلاس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا ہے کہ نیشنل فیڈریشن آف انڈین ویمن کے مطابق 5 اگست سے تقریباً 13 ہزار لڑکوں کو اغوا کیا جاچکا ہے، عالمی انسانی حقوق کے احترام اور ترویج کے بارے میں اسلام کے احکامات کا ذکر کرتے ہوئے سردار مسعود نے کہا کہ افراد اور اقوام کو حق حاصل ہے کہ وہ جبر سے نجات حاصل کریں اور اپنے دفاع، عزت اور آزادی کو یقینی بنائیں، اسلام لوگوں کی زندگی، آزادی، انصاف، تعلیم، صحت، امتیازی سلوک کے خلاف حفاظت، عدم تشدد، طاقت کے بے جا استعمال کی ممانعت، مذہبی آزادی، عقیدے، سوچ و فکر اور تقریر کی آزادی اور مال کی حفاظت کی ترغیب دیتا ہے تاہم یہ تمام حقوق آج مقبوضہ کشمیر میں روند دیے گئے ہیں۔ صدر آزاد کشمیر نے انسانی حقوق کمیشن کا شکریہ بھی ادا کیا۔ کمیشن نے مارچ 2017ء میں ایک جامع اور بااثر رپورٹ شائع کی تھی جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں کا تفصیل کے ساتھ ذکر کیا گیا تھا۔ یہی رپورٹ بعد ازاں اقوا م متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق کے دفتر سے اور برطانوی پارلیمنٹ میں آل پارٹیز پارلیمانی گروپ کی جانب سے شائع ہونے والی رپورٹ کا پیش خیمہ ثابت ہوئی۔