راولپنڈی (آن لائن) امور نوجوانان کے مشیر عثمان ڈار نے کہا ہے کہ کامیاب نوجوان پروگرام کے تحت صرف 15 روز میں 10 لاکھ درخواستیں موصول ہوچکی ہیں، خواتین درخواست گزار کی تعداد ایک لاکھ 90 ہزار ہے، پروگرام کے پہلے مرحلے میں اگلے سال مارچ میں ڈیڑھ لاکھ نوجوانوں میں بلا سود قرضے فراہم کیے جائیں گے، یوتھ انٹر پرنیور شپ اسکیم کے تحت قرضوں کی فراہمی کے طریقہ کار کو نہایت ہی شفا ف رکھا گیا ہے، کامیاب نوجوان پروگرام کے لیے 100 ارب روپے مختص کیے گئے ہیں، بزنس پلان چیمبر آف کامرس کے ساتھ شیئر کیے جائیں گے، پالیسی سازی میں چیمبر کو شامل کیا جائے گا، انٹر پرنیورشپ کے فروغ میں راولپنڈی چیمبر کا کردار قابل ستائش ہے۔ ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم کے مشیر برائے امور نوجوانان عثمان ڈار نے راولپنڈی چیمبر آف کامرس کے دورے کے موقع پر گلوبل انٹر پرنیورشپ ویک کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ پروگرام کے تحت اسکلڈ ڈیولپمنٹ ٹریننگ کے لیے 12 ارب روپے رکھے گئے ہیں تاکہ نوجوانوں کو ایمرجنگ ٹیکنالوجیز سے روشناس کرایا جاسکے۔ ہائر ایجوکیشن کمیشن کے تحت اسٹارٹ اپ پروگرام متعارف کرایا جا رہا ہے۔ نوجوانوں کو ڈسکاؤنٹ دینے کیلیے یوتھ کارڈ اسکیم بھی لائی جا رہی ہے۔ نیشنل یوتھ ڈیویلپمنٹ فاونڈیشن کا قیام بھی زیر غور ہے۔ اس سے پہلے صدر چیمبر صبور ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گلوبل انٹرپرینیور شپ ویک سے طلبہ کو روزگار کی تلاش کی بجائے روزگار پیدا کرنے والا بنانے میں مدد ملے گی۔