محکمہ ٹرانسپورٹ نے 3 برس میں 2 ارب روپے جمع کرائے، شوکت یوسفزئی

50

پشاور (آن لائن) خیبر پختونخوا کے وزیر اطلاعات شوکت یوسفزئی نے کہا ہے کہ محکمہ ٹرانسپورٹ نے گزشتہ 3 سال میں صوبائی خزانے میں 2 بلین روپے سے زیادہ کے محاصل جمع کیے، عوامی خدمات کی مد میں ڈرائیونگ لائسنس، روٹ پرمٹ، فٹنس سرٹیفکیٹ کے اجرا کو 180 دنوں کے بجائے اب 45 دنوں میں ممکن بنادیا ہے جس کو آن لائن ٹریکنگ سسٹم پر بھی ٹریک کیا جاسکتا ہے، سیاحت کے فروغ کے لیے محکمہ ٹرانسپورٹ نے سیاحتی علاقوں میں خصوصی پرمٹس اور روٹس جاری کیے ہیں جبکہ چنگچی رکشوں کو بھی ریگولیٹ کیا جارہا ہے تاکہ چنگچی رکشہ مالکان کے لیے بھی آسانیاں ہوں۔ محکمہ ٹرانسپورٹ کی ایک سالانہ کارکردگی پر پریس کانفرنس کرتے ہوئے صوبائی وزیر نے کہا کہ سرکلر ریل منصوبے کو بھی سی پیک منصوبے میں شامل کرلیا گیا ہے جبکہ قبائلی اضلاع میں پرمٹ، لائسنس وغیرہ کے اجرا کے لیے ون ونڈو آپریشن کے تحت مراکز قایم کیے جارہے ہیں جہاں ایک چھت کے نیچے تمام سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ آن لائن ٹیکسی سروس کریم اور اوبر کو ریگولیٹ کرنے کیلیے بھی قانون سازی کی جارہی ہے جبکہ رینٹ اے کار کے کاروبار کو بھی ریگولیٹ کیا جارہا ہے۔