کشمیریوں کی آواز کو دبانے کا مودی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا

58

اسلام آباد (وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی آزادجموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ کشمیریوں کی آواز کو دبانے کا مودی کا خواب شرمندہ تعبیر نہیں ہوگا،جماعت اسلامی صبح آزادی تک کشمیریوں کے شانہ بشانہ رہے گی اور پوری دنیا کو کشمیریوں کی پشت پر لائے گی ،22دسمبر کو اسلام آباد میں کشمیربچائو مارچ کیا جائے گا اسلام آباد کے حکمرانوں کو کشمیریوں کی پشتیبانی اور عملی اقدامات اٹھانے پر دبائو ڈالا جائے گا ،وزیر اعظم پاکستان اپنے وعدے کے مطابق کشمیریوں کے سفیر کب بنیں گے اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں تقریر کے بعد وزیر اعظم کی خاموشی پوری قوم کو مایوس کررہی ہے ،ہندوستان نے جنگ مسلط کررکھی ہے اس کا جواب کب دیا جائے گا ،ان خیالات کااظہار انہوں نے ذمہ داران سے گفتگو کرتے ہوئے کیا ،انہوں نے کہاکہ 22دسمبر کو لاکھوں کشمیری اور پاکستانی اسلام آباد میں جمع ہو کر مقبوضہ کشمیر کے مظلوم بھائیوں کو یہ پیغام دیں گے کہ وہ آزادی کی جدوجہد میں ان کے شانہ بشانہ ہیں اور 1947ء والے کردار کے لیے پر عزم ہیں ،انہوں نے کہاکہ کشمیریوں نے گزشتہ 2سو سال سے اپنی آزادی کے لیے جدوجہد شروع کررکھی ہے نہ وہ پہلے گھبرائے ہیں نہ اب گھبرائیں گے بھارت کے تمام استعماری ہتھکنڈوں کے باوجود کشمیری آزادی کی جدوجہد کے مورچے میں ڈٹے ہوئے ہیں نریندر مودی کے حالیہ اقدامات نے ان کشمیریوں کوبھی مزاحمت کی صف میں کھڑا کردیا ہے جو بھارت کی ترجمانی کرتے تھے اب بھارت کو ایک بھی کشمیری ایسا نہیں ملے گا جو اس کی حمایت میں بات کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے اسلاف نے مودی کے بڑوں کو شکست دی تھی اور اب مودی کو بھی شکست کا سامنا کرنا پڑے گا ،جلد یا بدیر کشمیر آزاد ہو گا ۔