اسلام مخالف قوتیں دلیل کے بجائے ہٹ دھرمی پر اتر آئی ہیں،سینیٹر مشتاق خان

51

پشاور (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی خیبر پختونخوا کے امیر سینیٹر مشتاق احمد خان نے کہا ہے کہ ملک کو درپیش چیلنجز اور مسائل کے گرداب سے نکالنے کے لیے تعلیم یافتہ نوجوانوں سے قوم کی امیدیں وابستہ ہیں۔ موجودہ حکومت نے اپنے انتخابی مہم کے دوران نوجوانوں کو تبدیلی کی جو امیدیں دلائی تھی ڈیڑھ سالہ کارکردگی میں دور دور تک اس کی جھلک نظر نہیں آرہی، جس سے نوجوانوں کی حکومت سے وابستہ امیدیں دم توڑ رہی ہیں، حقیقی تبدیلی کے لیے لازمی ہے کہ نوجوان درپیش چیلنجز سے نمٹنے کے لیے دینی علوم کے ساتھ ساتھ ٹیکنالوجی اور جدید علوم میں بھی مہارت حاصل کریں۔ ان خیالات کا اظہار امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا سینیٹر مشتاق احمد خان نے نشتر ہال پشاور میں اسلامی جمعیت طلبہ کے تحت دو روزہ اسٹوڈنٹس ٹیلنٹ ایکسپو کے افتتاح کے موقع پر منعقدہ تقریب سے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس میں صوبہ بھر سے طلبہ وطالبات نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ انہوں نے کہا کہ دنیا میں انقلابات برپا کرنے والی عظیم شخصیات میں نبی کریمﷺ کی انتھک جدوجہد رہتی دنیا تک انقلابی جدوجہد کرنے والی قوموں کے لیے مشعل راہ ہے۔ آپﷺ کی سیرت مبارکہ میں نوجوانوں کے لیے بھرپور رہنمائی کا درس موجود ہے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ آج دنیا بھر میں اسلام مخالف قوتیں دلیل کے بجائے ہٹ دھرمی پر اتر آئی ہیں، ناروے میں قرآن پاک جلانے کا مذموم واقعہ اس کی زندہ مثال ہے، لیکن ایسے میں اسی مجمع میں حق کے لیے جان پر کھیلنے کا عملی مظاہرہ بھی دنیا نے دیکھ لیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اقوام عالم کو اس قسم کی جنونیت کیخلاف قانون سازی کرنی ہوگی ورنہ یہ ذہنیت دنیا کے امن کو برباد کرکے رکھ دے گی۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی نوجوانوں میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے اور انہوں نے ہر فیلڈ میں اپنی ذہانت اور قابلیت کا لوہا منوایا ہے۔ مشتاق احمد خان نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا سلسلہ طویل ترہوتا جا رہا ہے اور ایک سو دس دنوں سے زائد کا کرفیو بھی کشمیریوں کے جذبے کو مات نہیں دے سکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بدقسمتی سے ہمارے حکمران کشمیر کو بھول چکے ہیں لیکن پاکستان کے غیور عوام کے دل آج بھی کشمیری عوام کے ساتھ دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ 22 دسمبر کو پاکستانی قوم کشمیری عوام سے یکجہتی کے لیے اسلام آباد میں تاریخی مارچ کے ذریعے دنیا کو پیغام دے گی کہ پاکستانی عوام آج بھی کشمیری عوام کی پشت پر ہیں۔ اس موقع پر اسلامی جمعیت طلبہ پاکستان کے ناظم اعلیٰ محمد عامر، صوبائی ناظم شکیل احمد اور دیگر نے بھی خطاب کیا۔