اسلام آباد( نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ اداروں میں تصادم کی سازش ناکام بنادی، بھارت کے امیدوں پر پانی پھرگیا۔اسلام آباد میں ’سفراء کانفرنس برائے افریقا‘ سے خطاب میں انہوں نے کہا کہ پچھلے دنوں ملک کو غیر مستحکم کرنے کی کوشش کی گئی، پہلے دھرنے کے ذریعے اور اب عدالت میں کیس کے ذریعے، یہ امید لگا کر بیٹھے تھے کہ پاکستان کسی طرح غیر مستحکم ہوجائے۔عمران خان کا کہنا تھا کہبھارت نے عدالت عظمیٰ کا معاملہ بھی اپنے فائدے کے لیے استعمال کیا تاہم پاکستان میں ہم آہنگی سے مخالفین کو شکست ہوئی ہے، دشمن نے سوچا تھا ادارے آپس میں لڑ پڑیں گے، خوشی ہے ہم نے ملک کو غیر مستحکم کرنے کی سازش ناکام بنائی۔انہو ں نے کہا کہ ادارے ایک دوسرے سے کبھی تصادم نہیں کریں گے،تمام اداروں نے اپنے دائرے میں رہنا شروع کردیا ہے۔وزیراعظم کے بقول عدالت عظمیٰکے فیصلے سے بیرونی دشمن اور اندرونی مافیاز کو مایوسی ہوئی، ’ان سب کو شکست ہوئی اور آگے بھی شکست ہوگی، پاکستان مشکل سے نکل کر تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔اپنے خطاب میں عمران خان نے کہا کہ ماضی میں میرٹ کو نظر انداز کیا گیا ، اہم پوزیشنز پر ان لوگوں کو بٹھایا گیا جو حق نہیں رکھتے تھے ، چین میں میرٹ کو اوپر لانے کا سسٹم دیکھیں تو سمجھیں گے کہ وہ اتنی ترقی کیسے کر گئے ، جمہوریت کی خوبی ہی یہ ہے کہ اس میں میرٹ ہوتا ہے ۔علاوہ ازیں وزیراعظم نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ پاکستان کے عظیم ججوں میں سے ایک ہیں اور میں ان کی بہت عزت کرتا ہوں۔
’ہم نے توبتایاگیا جنرل کبھی ریٹائرنہیں ہوتے‘
اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ ہمیں بتایا گیا کہ جنرل کبھی ریٹائر نہیں ہوتے، پھر جنرل راحیل پنشن کیسے لے رہے ہیں؟اٹارنی جنرل نے کہا کہ مدت مکمل ہونے کے بعد جنرل ریٹائر ہوجاتا ہے جس پر بینچ کے رکن جسٹس منصور علی شاہ کا کہنا تھا کہ ’کل تو آپ کہہ رہے تھے جرنیل ریٹائر نہیں ہوتا۔‘
ایک راہی ہمارے پاس آیا پھر ہم نے اسے جانے نہیں دیا
اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس کی سماعت کے دوران اٹارنی جنرل نے فروغ نسیم کی طرف اشارہ کر کے عدالت کو بتایا کہ ان کا معاملہ بھی حل ہوگیا ہے۔ چیف جسٹس نے مسکراتے ہوئے ریمارکس دیے ’مسئلے حل ہو جاتے ہیں لیکن ہمارے پاس آتا کوئی نہیں ہے، کہتے ہیں ہم خود نوٹس لے لیں، کیوں لیں، ایک راہی (درخواست گزار ریاض راہی) آیا ہمارے پاس پھر ہم نے اسے جانے نہیں دیا۔
ہمارے خلاف پروپیگنڈہ شروع ہوگیا‘ چیف جسٹس
اسلام آباد ( نمائندہ جسارت)آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع سے متعلق کیس کی سماعت کرتے ہوئے چیف جسٹس آصف سعید کھوسہ نے ریمارکس دیے کہ ہم نے آئین و قانون کو کیا دیکھا ہمارے خلاف پروپیگنڈہ شروع ہوگیا، کہہ دیا گیا کہ یہ تینوں جج سی آئی اے کے ایجنٹ ہیں، الزام لگایا گیا کہ ہم بھارت کی ایما پر کام کررہے ہیں، کہا گیا کہ یہ ففتھ جنریشن وار ہے، ہمیں پوچھنا پڑا کہ یہ ففتھ جنریشن وار ہوتی کیا ہے، کہا گیا کہ عدالت عظمیٰ کے ججز کو بھارتی چینلز پر چلایا جارہا ہے، آئینی اداروں کے بارے میں ایسا نہیں ہونا چاہیے۔