پشاور (آن لائن) ملک بھر کے ائر پورٹس پر کسی بھی سیاسی شخصیت کا ای سی ایل ریکارڈ چیک کرنے پر پابندی عاید کردی گئی، ایف آئی اے ہیڈ کوارٹر کے علاوہ ملک بھر کے کسی بھی ائر پورٹ پر قائم امیگریشن کاؤنٹر پر ڈیوٹی دینے والے افسران اور عملے سمیت کوئی بھی زونل آفیسر کسی بھی سیاسی شخصیت کا ای سی ایل ریکارڈ چیک کرنے کا اہل نہیں ہوگا۔ ایف آئی اے ذرائع کے مطابق ایف آئی اے امیگریشن افسران اور عملے سمیت دوران ڈیوٹی سرکاری سسٹم یا آئی بی ایس سیکشن سے کسی بھی سیاسی شخصیت کا نام ای سی ایل میں چیک کرنے کا مجاز نہیں ہوگا جو بھی آفیسر یا عملہ چیک کرنے کی کو شش یا رسائی حاصل کرنے میں کامیاب ہوگا اس کے خلاف محکمانہ کارروائی ہوگی اور ثابت ہونے پر اس کو نوکری سے بھی ہاتھ دھونا پڑیں گے۔ ذرائع نے بتایا ہے کہ اس ضمن میں ایف آئی اے پشاور سمیت ملک بھر کے تمام ائر پورٹس پر متعلقہ حکام کو آگاہ کردیا گیا ہے۔