بلوچستان، گندم کی قلت برقرار ، آٹے کی قیمت میں اضافہ،شہری پریشان

49

کوئٹہ (آئی این پی) بلوچستان میں گندم کی قلت کے باعث آٹے کی قیمت میں تیزی سے اضافہ ہونے لگا، اس کے سبب 100 کلو آٹے کی بوری کی قیمت 5 ہزار 300 روپے تک پہنچ گئی۔ مارکیٹ ذرائع کے مطابق بلوچستان میں گندم کی قلت اور فلور ملز کو رعایتی نرخوں پر گندم نہ ملنے کے باعث آٹے کی قیمتوں میں آئے روز اضافہ ہورہا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ گزشتہ دو ماہ کے دوران چار مرتبہ قیمتوں میں اضافے کے بعد فی کلو آٹے کی قیمت 53 روپے تک جاپہنچی ہے، جس نے شہریوں کو پریشان کر کے رکھ دیا ہے۔ شہر کے نان بائیوں نے بھی روٹی کا وزن کم کردیا ہے اور 300 گرام آٹے کی روٹی 20 روپے میں فروخت کی جارہی ہے۔ اس سلسلے میں سیکرٹری خوراک بلوچستان محبوب شاہوانی کا کہنا ہے کہ اس سال مارچ میں گندم کی خریداری نہ ہونے کی وجہ سے آٹے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔ دوسری جانب محکمہ خوراک نے گندم کی 5 لاکھ بوریوں کی خریداری کے لیے سمری وزیر اعلیٰ بلوچستان جام کمال کو بھجوا دی ہے۔ سمری کی منظوری کے بعد پاسکو سے گندم کی خریداری شروع کردی جائے گی، جس کے بعد آٹے کی قیمت میں کمی آئے گی۔ یاد رہے کہ وزیر اعلیٰ بلوچستان گندم کی بروقت خریداری نہ ہونے پر سابق سیکرٹری خوراک اصغر حریفال اور اس وقت کے ڈی جی محمد طارق کو معطل کرچکے ہیں۔