حکومت کی 15ماہ کی کارکردگی کھودا پہاڑ اور نکلا چوہا ہے

54

فیصل آباد(وقائع نگار خصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ حکومت کی 15ماہ کی کارکردگی کھودا پہاڑ اور نکلا چوہا ہے۔حکومت ان کیلیے بھی چیلنج اور بدنامی کا سبب بن گئی ہے جنہوں اسے مسلط کیا تھا۔وزیر اعظم نوازشریف کے باہر جانے کا فیصلہ خود کیا اور ذمہ دار عدالتوں کو ٹھہرادیاجس کے بعد چیف جسٹس کو انہیں آئینہ دکھانا پڑا ۔ نواز شریف کی بیماری پر وزیر اعظم کے تبصرے نے خود ان کی ذہنی حالت پر سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔اگر حکومت کے اپنے ڈاکٹروں اور وزیر صحت نے ان سے کچھ چھپایا ہے تو اس کا مطلب ہے کہ یہ پورا ٹبر دھوکہ بازوں کا ہے،لیکن اگر وزیر اعظم کے کہنے کے مطابق سارے جھوٹ بول رہے ہیں تو پھر یہ حکومت ہی جھوٹوں کی ہے۔حکومت نے کشمیر کاز سے بے وفائی اور غداری کی ہے،کشمیر میں بھارتی مظالم پر حکومت خاموش تماشائی بنی ہوئی ہے۔سنگ مرمر کے قبرستان میں بیٹھے ہوئے بے ضمیر اور بے حس حکمرانوں کی غیر ت جگانے کیلیے 22دسمبر کو فیصل آباد سے نوجوانوں کو لیکر اسلام آباد پہنچیں گے۔انہوںنے کہا کہ 72سالوں سے اشرافیہ اور انگریز کے غلاموں نے سیاست اور جمہوریت کو یر غمال بنا رکھا ہے۔ نسل در نسل انگریز کی غلامی کرنے والوں کی اولادیں ملک کے اقتدار پرقابض ہوگئی ہیں۔قوم اب بدکردار اور بداخلاق اشرافیہ سے آزادی چاہتی ہے۔ اقتدار کے جن ایوانوں کے دروازے غریب کیلیے نہیں کھلتے انہیں توڑ دینا چاہئے۔ ایوانوں میں بیٹھنے والوں نے آج تک ملک کے 65فیصد نوجوانوں کیلیے کوئی پالیسی نہیں بنائی۔موجودہ حکومت نے نوجوانوں کو سب سے زیادہ مایوس کیا ہے۔آنے والے الیکشن میں یہی نوجوان حکومت سے بدلہ لیں گے۔جے آئی یوتھ کے نوجوان یونین کونسل سے لیکر قومی اسمبلی کے حلقے تک الیکشن لڑنے کی تیاری کریں،جماعت اسلامی ان کے لیے اقتدار کے دروازے کھولے گی۔انہوں نے کہا کہ نوجوان قوم کی امیدوں کا مرکز و محور ہیں۔ہمارے نوجوان ہالی وڈ اور بالی وڈ کے نہیں خالد بن ولید،طارق بن زیاد اور محمود غزنوی کے دیوانے ہیں۔ہم ان نوجوانوں کو عالم اسلام کا ہیرو دیکھنا چاہتے ہیں۔نوجوان لائبریریوں اور لیبارٹریوں کو آباد کریں اور علمی میدان کے ستارے بنیں،تاکہ مستقبل میں قوم کی قیادت کرسکیں۔