لاہور: انسداد منشیات عدالت میں (ن) لیگی رہنما وسابق وزیر رانا ثنا اللہ کی پیشی کے موقع پر وکلا اور سیکورٹی اہلکاروں میں ہاتھا پائی ہوئی ہے۔
منشیات برآمدگی کیس میں لیگی رہنما رانا ثنااللہ کو 15 روزہ جوڈیشل ریمانڈ ختم ہونے پر اے این ایف نے ر اناثنا اللہ کو انسداد منشیات کورٹ میں پیش کیا تو اسی دوران کمرہ عدالت کے باہر شدید بد نظمی دیکھنے میں آئی۔
ڈیوٹی پر تعینات سیکورٹی اہلکاروں نے لیگی کارکنوں کو عدالت میں داخلے سے روکا گیا تو لیگی وکلا کی پولیس اہلکاروں سے تلخ کلامی ہوئی، جو بعد ازاں جھگڑے میں تبدیل ہوگئی ۔
طاہر خلیل سندھو نے کہا کہ ان سمیت وکلاء کو سکیورٹی اہلکاروں نے تشدد کا نشانہ بنایاجبکہ ایڈووکیٹ فرہاد علی شاہ نے عدالت میں احتجاج ریکارڈ کروایا۔
بعد ازاں منشیات عدالت نے رانا ثنااللہ کے جوڈیشل ریمانڈ میں 14 روز کی توسیع کرتے ہوئے سماعت ملتوی کردی۔