حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی ش ب حیدر آباد کی جانب سے پارٹی کے سینئر رہنما کیخلاف جھوٹا کیس درج کرنے اور جیل بھیجنے پر حیدر آباد پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا اور پولیس کیخلاف نعرے بازی کی گئی۔ اس موقع پر پارٹی رہنمائوں پیرل مجیدانو، جمال سوہو، ستار بھٹی، ارشاد خاصخیلی اور سرفراز شاہانی نے الزام عائد کرتے ہوئے بتایا کہ گزشتہ 25 نومبر کے روز بلدیہ تھانے کی پولیس نے پیپلز پارٹی ش ب حیدر آباد کے سابق صدر اور سینئر رہنما حاجی فیاض میمن کو بلاجواز گرفتار کرکے جھوٹا کیس درج کرنے کے بعد جیل بھیج دیا ہے جو کہ سراسر نا انصافی ہے اور اس عمل کی سخت الفاظ میں مذمت کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بلدیہ تھانے کی پولیس نے پارٹی رہنمائوں کیخلاف انتقامی کارروائیاں شروع کردی ہیں، جس کے تحت حاجی فیاض میمن کیخلاف جھوٹا کیس درج کیا گیا ہے۔ انہوں نے ایس ایس پی حیدر آباد سے اپیل کی کہ مذکورہ معاملے کا نوٹس لے کر حاجی فیاض میمن کیخلاف جھوٹا کیس ختم کرکے انہیں آزاد کرکے انصاف فراہم کیا جائے۔