نقیب اللہ محسود کے والد کی نمازجنازہ ٹانک میں اداکردی گئی

60

ٹانک (صباح نیوز) کراچی میں مبینہ پولیس مقابلے میں جاں بحق ہونے والے نقیب اللہ محسود کے والد محمد خان محسود کی نمازہ جنازہ ان کے آبائی شہر ٹانک میں ادا کردی گئی۔ تفصیلات کے مطابق محمد خان محسود کی نمازجنازہ میں سول اور فوجی افسران، علاقہ عمائدین اور شہریوں نے کثیر تعداد میں شرکت کی۔ واضح رہے کہ محمد خان محسود کافی عرصے سے کینسر کے مرض میں مبتلا تھے۔گزشتہ روز فوج کے شعبہ تعلقات عامہ کے سربراہ جنرل آصف غفور کی جانب سے کی گئی ایک ٹوئٹ کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے نقیب اللہ محسود کے والد کے انتقال پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے۔ آرمی چیف نے کہا کہ محمد خان محسود کے ساتھ انصاف کی فراہمی کا جو وعدہ کیا گیا تھا اس کی تکمیل کی کوشش جاری رہے گی۔ یاد رہے کہ وزیرستان سے تعلق رکھنے والے نوجوان نقیب اللہ محسود کو جنوری 2017ء میں کراچی میں مبینہ طور پر جعلی پولیس مقابلے میں قتل کیا گیا تھا۔