ننگرہار(خبرایجنسیاں) افغانستان میں گاڑی پر حملے کے نتیجے میں جاپانی این جی اوکا سربراہ محافظوں سمیت ہلاک ہوگیا۔واقعہ مشرقی صوبے ننگرہار کے دارالحکومت جلال آباد میں پیش آیا۔بتایا گیا ہے کہ نامعلوم افراد نے صحت عامہ کے لیے متحرک جاپان کی غیر سرکاری تنظیم ‘پیس میڈیکل سروس‘ کے سربراہ ڈاکٹر ٹیٹسو ناکاموراکی گاڑی پر اندھادھندفائرنگ کی جس کے نتیجے میں ڈاکٹر ٹیٹسو ناکامورا شدید زخمی ہوگئے جب کہ حملے میں اْن کے ڈرائیور اور 4محافظ موقع پر ہی ہلاک ہوگئے۔ڈاکٹر ٹیٹسو ناکامورا کو فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کیا گیا لیکن حالت تشویشناک ہونے پرانہیں جلال آباد سے بگرام بیس لے جایا جا رہا تھا کہ جلال آبار ائرپورٹ پر زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑگئے۔ حکام نے ڈاکٹر ٹیٹسو ناکامورا کی ہلاکت پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے صاف پانی کی فراہمی اور زراعت کے شعبے میں ان کی خدمات پر خراج تحسین پیش کیا۔ننگر ہار کی صوبائی کونسل کے ایک رْکن سہراب قادری کا کہنا ہے کہ حملہ آور فائرنگ کرکے فرار ہوگئے جن کی تلاش میں چھاپہ کار کارروائیاں جاری ہیں تاحال کسی گروپ نے واقعے کی ذمے داری قبول نہیں کی ہے۔ طالبان ترجمان ذبیح اللہ مجاہد نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں واقعے سے لاتعلقی کا اظہار کرتے ہوئے اس میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے۔