اسلام آباد میں کشمیر عوامی مارچ میں پشاورسے ہزاروں افراد شریک ہوں گے

66

پشاور (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی ضلع پشاور عتیق الرحمن نے کہا ہے کہ 22 دسمبر کو اسلام آباد میں کشمیر عوامی مارچ میں پشاورسے ہزاروں افراد شریک ہوں گے جس کے لیے تیاریوں کا آغاز کردیا گیا ہے پشاور سے عظیم الشان قافلہ مرکز اسلامی سے روانہ ہوگا ۔ 22 دسمبر کو اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لاکھوں افراد جمع ہوں گے جہاں پر امیر جماعت اسلامی سراج الحق اہم اعلانات کریں گے ۔کشمیر پاکستان کی شہ رگ ہے۔ اور پاکستان کے22کروڑ عوام اپنے نہتے کشمیری بہن بھائیوں کی اخلاقی، سفارتی اور سیاسی حمایت کو جاری رکھیں گے۔ حکومت پاکستان کے کردار نے 80لاکھ کشمیریوں کو شدید مایوس کیا ہے۔ وادی میں گزشتہ چار مہینوں سے کرفیو نافذ ہے۔ لوگوں کو کھانے پینے کی اشیا اور ادویات کی شدید قلت ہے۔ بدقسمتی سے عالمی برادری کی بے حسی ، پالیسی حکومت پاکستان کی مجرمانہ غفلت اور بزدلانہ پالیسی نے قوم کو باور کروا دیا ہے کہ حکمرانوں کو کشمیریوں کی کوئی پرواہ نہیں ۔ وہ دفتر جماعت اسلامی نشترآباد پشاو رمیں عوامی مارچ میں شرکت اور تیاریوں کا جائزہ اجلاس سے خطاب کرر ہے تھے ۔ اجلاس میںجنرل سیکرٹری کفایت احمد ، ڈپٹی جنرل سیکرٹریز افتخار خان ، ناظم مالیات ثنا اللہ ، ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات قمر حیا ت اور دیگر ذمے داران نے شرکت کی ۔اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے عتیق الرحمن نے کہاکہ22دسمبر اسلام آباد میں کشمیریوں سے اظہار یکجہتی کے لیے لاکھوں افراد کو جمع کریںگے۔اور امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق آئندہ کے چارٹر آف کشمیر کا اعلان کریں گے۔ انہوںنے کہاکہ پشاور میں مارچ میںشرکت کے لیے ویلج کونسل اور محلے کے سطح پرکارنر میٹینگز اور اجتماعات کریں گے اور لاکھوں افراد تک جماعت اسلامی کا پیغام پہنچائیں گے ۔