ایچ ڈی اے ،مطالبات کی عدم منظوری پر نکاسی آب بند کرنے کی دھمکی

52

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ایچ ڈی اے ایمپلائز یونین نے تنخواہوں اور پنشن کی عدم ادائیگی کیخلاف 16 دسمبر کو نکاسی و فراہمی آب کا نظام بند کرنے کی دھمکی دے دی۔ ایمپلائز یونین کے جنرل سیکرٹری عبدالقیوم بھٹی نے وزیر اعلیٰ سندھ، صوبائی وزیر بلدیات اور کمشنر حیدر آباد سے مطالبہ کیا کہ ایچ ڈی اے شعبہ واسا کے مالی بحران کو حل کرنے میں غفلت کے مرتکب ایچ ڈی اے افسران کیخلاف کارروائی کرتے ہوئے واسا ملازمین کو مالی بحران سے نکالنے کے لیے ایچ ڈی اے میں بنیادی اصلاحات کا عمل شروع کریں۔ ملازمین اور شہریوں کو اس شعبے کی ناقص کارکردگی سے نجات دلائی جائے۔ انہوں نے کہا کہ عرصہ دراز سے جلسے، جلوس اور ہڑتال کرنے سے نکاسی وفراہمی کے نظام پر بھی خراب اثرات پڑ رہے ہیں۔ ملازمین بغیر تنخواہوں بھی نکاسی وفراہمی آب کا نظام صرف شہریوں کی سہولت کے لیے جاری رکھے ہوئے ہیں۔ اس وقت بھی مستقل ملازمین کو چھے ماہ کی تنخواہیں، پنشن اور ورک چارج ملازمین کی آٹھ ماہ کی تنخواہیں ادا نہیں کی گئیں جبکہ ورک چارج ملازمین کو صرف چھے ہزار روپے مہینہ تنخواہ دی جارہی ہے۔ ملازمین نے 26 نومبر سے احتجاجی تحریک کا آغاز کردیا ہے اور مسائل حل نہ ہوئے تو 16 دسمبر سے فراہمی و نکاسی آب کے نظام کو بند کرنے کی کال دی جائے گی۔