کشمیر میں فوج کی غنڈہ گردی نے بھارتی استعمار کا چہرہ بے نقاب کردیا

60

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) بھارت کشمیری عوام پر مظالم کا سلسلہ فوری بند کرے اور کشمیریوں کو ان کا جائز حق دیا جائے۔ یہ بات یوسی 34 کے چیئرمین یوسف شیخ نے اپنے حلقے کے عوام سے بات چیت کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر میں بھارتی فوج کی غنڈہ گردی نے بھارتی استعمار کا چہرہ بے نقاب کردیا ہے۔ بھارت کی غنڈہ گردی پر عالمی ضمیر کی بے حسی اور خاموشی افسوسناک ہے۔ تاہم بھارت کی درندہ صفت قیادت کو یہ بات سمجھ لینا چاہیے کہ جبر کے ذریعے کوئی کشمیریوں کو دبا نہیں سکتا، کشمیری اپنے حق کے لیے آواز بلند کررہے ہیں۔ پاکستان کے عوام ان کے ساتھ ہیں اور بھارت کی غنڈہ گردی روکنے کے لیے پاک فوج کی جرأت و بہادری کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ میں اپنے حلقے کے عوام کی بے لوث خدمت کرتا رہا ہوں مگر کچھ لوگ ہیں جو کام کرنے نہیں دیتے اور عوامی مسائل کے حل کے لیے ہماری محنت کو خاک میں ملا دیتے ہیں مگر ہم نے عوام کی بے لوث خدمت کا عزم کر رکھا ہے۔