حکومت اور مالکان کان کنوں کی حفاظت کو یقینی بنائیں،سینیٹر محسن عزیز

49

کو ئٹہ(نمائندہ جسارت)سینیٹ کی مجلس قائمہ کمیٹی برائے پیٹرولیم کے چیئرمین سینیٹر محسن عزیز نے حکومت بلوچستان سے کہا کہ وہ کوئلہ کانوں میں حادثات کے سدباب کے لیے اقدامات کرے،حادثے میں جاں بحق مزدوروں کو بروقت معاوضے کی ادائیگی کی جائے، مزدوروں اور عملے کو تربیت نہ دینے سے بھی حادثات میں اضافہ ہورہا ہے،حفاظتی اقدامات کے لیے تربیتی ورکشاپ منعقد کی جائیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کو سنجدی اور سورینج کے مقام پر کوئلہ کی مختلف کانوں کے دورے کے موقع پر مزدوروں اور متعلقہ اہلکاروں سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر ، سینیٹر میر کبیر احمد محمدشہی، سینیٹر شمیم آفریدی ، سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) صلاح الدین ترمزی، بہرا مند تنگی ، تاج محمد آفریدی بھی ان کے ساتھ تھے۔ کمیٹی کے اراکین نے اسپتال کی خستہ حال عمارت پر برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا مزدوروں کو بہترین سہولیات فراہم کی جائیں۔ چیئرمین کمیٹی محسن عزیز اور دوسرے اراکین نے مزدوروں کو یقین دلایا کہ ان کو درپیش مسائل کے حل کے لیے چیف سیکرٹری بلوچستان اور متعلقہ حکام سے بات چیت کریں گے۔
محسن عزیز