نوجوان ملک کا مستقبل اور امت مسلمہ کا قیمتی سرمایہ ہیں، عمرفاروق

75

فیصل آباد(وقائع نگارخصوصی)جماعت اسلامی یوتھ کے ضلعی صدر چودھری عمرفاروق گجرنے کہا ہے کہ نوجوان ملک کا مستقبل اور امت مسلمہ کا قیمتی سرمایہ ہیں، جے آئی یوتھ نوجوانوں کو اپنی اہمیت اور مقصد زندگی کا حقیقی شعور دینے کے لیے کردار ادا کررہی ہے۔ چودھری عمرفاروق گجرنے کہاکہ جماعت اسلامی ایک انقلابی ونظریاتی تنظیم ہے، جے آئی یوتھ فیصل آبادسمیت ملک بھرکے نوجوانوں کو اسلامی انقلاب کے لیے متحرک ومنظم کررہی ہے، اسلامی انقلاب قرآن وسنت کا نظام ہی نوجوانوں اور ملک کو تمام مسائل سے نجات دلاسکتا ہے۔ 22دسمبرکو اسلام آبادمیں کشمیریوںسے اظہاریکجہتی کیلیے فیصل آبادسے نوجوانوںکی کثیرتعدادشرکت کرے گی جس کی بھرپورتیاریاںکی جارہی ہیں۔مزیدبرآں انہوں نے کہاکہ دارالامان کی یتیم بچیوں کے بارے میں آنے والی روح فرسا خبروں کے سلسلے میں حکومت پنجاب اپنی پوزیشن واضح کرے۔ حکومت کی کوئی وضاحت نہ آنے کی وجہ سے تمام وزرا اور متعلقہ سرکاری افسران ملزموں کے کٹہرے میں کھڑے ہیں۔ انہوںنے کہاکہ یتیم بچیاں پوری قوم کی طرف سے دارالامان اور دارالشفقت جیسے اداروں کے پاس امانت ہیں اور اس امانت میں کسی بھی قسم کی خیانت بدترین دینی اخلاقی اور قانونی جرم ہے۔انہوںنے کہا کہ6 روز گزرنے کے بعد حکومتی مجرمانہ خاموشی تشویشناک ہے۔