۔22 دسمبر کو اسلام آباد میں تاریخی آزادی کشمیر مارچ ہوگا ، ڈاکٹر خالد محمود

40

 

اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر کے امیر ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا ہے کہ نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں ظلم کے پہاڑ توڑ رہے ہیں، حکومت پاکستان کا کشمیر کی آزادی کے لیے روڈ میپ نہ دینے سے مایوسی پھیل رہی ہے، جماعت اسلامی 22 دسمبر کو اسلام آباد میں پاکستان کی تاریخ کا سب سے بڑا آزادی کشمیر مارچ کرے گی، حکمرانوں کو جگانے اور عالمی ضمیر کو جھنجوڑنے کے لیے عوام کا سمندر اسلام آباد لائیں گے۔ تاریخی مارچ میں آزاد کشمیر، گلگت بلتستان سے لاکھوں افراد شریک ہوں گے۔ کشمیریوں کے جان ومال آبرو اور تشخص کے تحفظ کے لیے زبانی جمع خرچ سے باہر نکل کر بھارتی عزائم کے مقابلے کے لیے پاکستان کو ہر سطح پر صف بندی کرنا ہوگی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے امرا اضلاع، سیکرٹریز اضلاع، امرا حلقہ جات کی لیڈر شپ ورکشاپ کے اختتامی سیشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی راجہ فاضل تبسم نائب امیر جماعت اسلامی آزاد جموں وکشمیر راجا جہانگیر خان سمیت دیگر قائدین نے گفتگو کی۔ ڈاکٹر خالد محمود خان نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیریوں کا حق مزاحمت بحال کرے۔ کشمیریوں نے یہ خطہ جہاد سے آزاد کروایا ہے، وہ بقیہ کشمیر کو بھی آزاد کروانے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔ بھارت نے پاکستان کیخلا ف جنگ شروع کر رکھی ہے، وہ کشمیریوں کو گاجر مولی کی طرح کاٹ رہے ہیں۔ پاکستان بھارت کے ساتھ تمام معاہدے ختم کرے۔ اہل کشمیر جوق در جوق فوج در فوج 22 دسمبر کو اسلام آباد آئیں تا کہ ہم سنگ مرمر کے قبرستان اسلام آباد میں حکمرانوں کو جگانے کے ساتھ ساتھ عالمی ضمیر کو بھی جھنجوڑیں۔ انہوں نے کہا کہ نریندر مودی مقبوضہ کشمیر میں مسلمانوں کی نسل کشی کررہا ہے۔ کشمیری امت مسلمہ کا حصہ ہیں، او آئی سی کے رکن ممالک بھارت کا سیاسی، سفارتی اور معاشی بائیکاٹ کریں۔