پشاور(صباح نیوز)خیبر پختونخوا حکومت نے بی آر ٹی منصوبے کی ایف آئی اے سے تحقیقات کے عدالتی فیصلے کیخلاف عدالت عظمیٰ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا۔ ایڈووکیٹ جنرل خیبرپختونخوا شمائل احمد بٹ کے مطابق کیس تیار کرلیا گیا ہے، آئندہ ہفتے عدالت عظمیٰ میں جمع کیا جائے گا۔سرکاری حکام کے مطابق خیبر پختونخوا حکومت منصوبے سے متعلق نیب کی تحقیقاتی رپورٹ پر حکم امتناع حاصل کرچکی ہے، تحقیقات کے لیے دوبارہ کیس نہیں کھولا جاسکتا۔واضح رہے کہ پشاور ہائیکورٹ نے گزشتہ دنوں بی آر ٹی سے متعلق کیس کی سماعت میں ایف آئی اے کو 45 دن میں منصوبے کی تحقیقات کا حکم دے رکھا ہے۔