سری نگر (اے پی پی) مقبوضہ کشمیر میں مسلسل 125ویں روز بھی بھارتی فوجی محاصرہ اور سخت پابندیا ں بر قرارر ہیں جس کے باعث نظام زندگی بدستور مفلوج ہے ، حریت رہنما علی گیلانی نے 10دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن کو یوم سیاہ کے طور پر منانے کا اعلان کیا ہے جس کا مقصد عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر انسانی حقوق کی سنگین صورتحال کی جانب مبذول کرانا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق مقبوضہ وادی میں ہفتے میں مسلسل 125ویں روز بھی فوجی محاصرے اور سخت پابندیاں برقرار رہیں جس کے باعث نظام زندگی بدستور مفلوج ہے ۔بھارتی فوجیوں نے ضلع پلوامہ میں اونتی پورہ میں ذہنی طو ر پر معذور 40سالہ شخص بشیر احمد گنائی کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا۔ دوسری جانبقابض بھارتی انتظامیہ نے وادی کشمیر کے مختلف اضلاع میں بغیر منظوری کے تعمیر ومرمت پر پابندی عاید کردی ہے جس کا نوٹیفکیشن بھی جاری کیا گیا ہے ۔جس سے عوام میں یہ خدشات پیدا ہوگئے ہیں کہ یہ اقدام ہزاروں کشمیریوںکو ان کے گھروں سے بے دخل کرنے کا پیش خیمہ ثابت ہوسکتا ہے۔ مقبوضہ علاقے میں لوگ یہ سمجھتے ہیں کہ کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کا مقصدعلاقے میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے لیے یہاں غیر کشمیریوں کوبسانے میں سہولت فراہم کرنا ہے۔ یہ نوٹیفکیشن ورکس آف ڈیفنس ایکٹ1903(WODA)کے تحت وزارت دفاع کی ہدایت کے بعد جاری کیا گیا ہے ۔ادھر کل جماعتی حریت کانفرنس کے چیئرمین سید علی گیلانی نے کشمیریوںسے10دسمبر کو انسانی حقوق کے عالمی دن کے موقع پر یوم سیاہ منانے کی اپیل کی ہے تاکہ عالمی برادری کی توجہ مقبوضہ کشمیر میںجای انسانی حقوق کی سنگین صوتحال کی طرف مبذول کرائی جاسکے۔ سری نگر سے جاری بیان میں عوام پر زوردیا کہ عالمی برادری کو اس بات کی یاددہانی کرانے کے لیے اس دن مکمل ہڑتال کی جائے کہ کشمیری عوام پر بھارتی مظالم کو روکنا اور تنازع کشمیر کو اقوام متحدہ کی متعلقہ قراردادوں کے مطابق حل کرانا اس کی ذمے داری ہے ۔ حریت چیئرمین نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خوفناک صورتحال پر شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے عالمی برادری پر زوردیا کہ وہ مقبوضہ علاقے میں بھارتی فورسز کی طرف سے نہتے کشمیریوں کے انسانی حقوق کی پامالیوں کا سنجیدہ نوٹس لے۔ سید علی گیلانی نے کہاکہ جب دنیا انسانی حقوق کا دن منارہی ہے بھارت کی قابض افواج کشمیر ی عوام پر ظلم ریکارڈ توڑ رہی ہیں ۔ انہوںنے کہاکہ انسانی حقوق کا عالمی اعلامیہ جس کی اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے 10دسمبر 1948کو منظوری دی تھی، ہرانسان کے حقوق اور آزادی کے لیے سنگین میل کی حیثیت رکھتا ہے لیکن اس عالمی دستاویز کے باوجود کشمیر ی عوام کے سیاسی اور انسانی حقوق مسلسل پامال کیے جارہے ہیں۔ سید علی گیلانی نے کہاکہ مقبوضہ کشمیر کے عوام اپنے حقوق کے لیے جدوجہد کررہے ہیں لیکن بھارت ان کی جائز خواہشات کو دبانے کے لیے ظالمانہ ہتھکنڈے استعمال کررہا ہے۔ انہوں نے کہاکہ کشمیری عوام نے انسانی حقوق کی بدترین پامالیاں دیکھی ہیں اور آج بھی دیکھ رہے ہیںکیونکہ 5اگست کو کشمیر کی خصوصی حیثیت کے خاتمے کے بھارت کے غیر قانونی اور یکطرفہ اقدام کے بعد اس کی ریاستی دہشت گردی میں مزید اضافہ ہوا ہے۔سید علی گیلانی نے کہاکہ آج جب بھارتی حکمران کشمیریوں کے جذبہ حریت کو شکست دینے کے لیے مظالم میں کئی گنا اضافہ کرکے اپنے تعصب کا اظہار کررہے ہیں، یہ ہر کشمیری کا فرض ہے کہ وہ ثابت قدم رہے ، اپنی صفوں میں اتحاد پیدا کرے اور آزادی کی مشعل کو روشن رکھے۔