ٹرانسمیشن لائن کی تجدید ناگزیر ہو گئی ، محمود خان

61

پشاور (اے پی پی) وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے میں بجلی کے مسائل کو مستقل بنیادوں پر حل کرنے کے لیے ٹرانسمیشن لائن کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے۔ انہوں نے نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بجلی کے مسائل حل، گرڈ اسٹیشن اور بجلی کی تنصیبات کو بہتر بنانے جبکہ وہاں پر عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن بنانے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا کہ صوبے میں انرجی اینڈ پاور کے نئے منصوبوں کو نیشنل گرڈ میں شامل کرنے کے لیے بھی موجودہ حکومت خصوصی اقدامات کر رہی ہے جس سے نہ صرف بجلی کے مسائل پر قابو پالیا جائیگا بلکہ صوبے کے محاصلات بھی بڑھیں گے۔ وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں نیپرا کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی کے ساتھ صوبے میں بجلی کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کرر ہے تھے۔ ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ اور چیئرمین نیپرا کے درمیان صوبے میں بجلی کی بہتری کے لیے دوطرفہ امور پر تفصیلی بات چیت کی گئی۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ہر صوبے کے بجلی کے اپنے مسائل ہیں، صوبہ خیبرپختونخوا بشمول قبائلی اضلاع میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دیرپا حل کے لیے صوبائی حکومت نیپرا کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھائے گی۔ خیبر پختونخوا حکومت نیپرا کے تعاون سے صوبے میں ہائیڈرو پاور پروجیکٹس، بجلی کی ویلنگ، توانائی کے دیگر مسائل پر پیش رفت کی خواہش مند ہے۔ انہوں نے نیپرا کو یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ جس فورم پر صوبائی حکومت کی مدد کی ضرورت ہو گی فراہم کریں گے۔