آرمی چیف کی ملازمت میں توسیع کی حمایت نہیں کرینگے، حاصل بزنجو

43

کوئٹہ (آن لائن) نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنما و سینیٹر میر حاصل خان بزنجو نے کہا ہے کہ آرمی چیف کی مدت ملازمت میں توسیع کے حوالے سے پارلیمنٹ میں کوئی حمایت نہیں کرینگے، ہمارا مطالبہ ہے کہ کسی کو بھی مدت ملازمت میں توسیع نہ دی جائے،جب تبدیلی کی طرف جائیں گے تو پہلے ان ہائوس تبدیلی ہوگی پھر دوبارہ انتخابات ممکن ہونگے، انتخابات اس وقت ممکن ہیں جب پہلے انتخابات کے حوالے سے اصلاحات ہوں اور انتخابات کے بعد اصلاحات کا کوئی فائدہ نہیں ہے۔ نجی ٹی وی سے بات چیت کرتے ہوئے میر حاصل بزنجو نے کہا کہ آزادی مارچ کے بعد بہت سے معاملات پراپوزیشن جماعتوں کی گفتگو ہوئی اور ایک دوسرے سے ملکی معاملات پر رابطے ہوتے رہتے ہیں۔ جہاں تک رابطوں کا تعلق ہے اس کا جواب مولانا فضل الرحمان بھی دے سکتے ہیں مگر اے پی سی میں فیصلہ ہوا ہے کہ ملک کو بچانے کا واحد راستہ نئے انتخابات ہیں۔ حکومت کو مجبور کرینگے کہ نئے انتخابات کرائے۔ انہوں نے کہا کہ ہم بدقسمتی سے سازشوں سے نہیں نکلے جب تک ملک میں سازشی سیاست کاخاتمہ نہیں ہوگا اس وقت تک حالات بہتر نہیں ہوسکتے۔
حاصل بزنجو