سپر کول مائنز لاکھڑا انتظامیہ کے مزدوروں کو بحال کیا جائے، حاجی پیرزادہ

46

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) متحدہ لیبر فیڈریشن لاکھڑا کول فیلڈ کے زیر اہتمام ملحقہ ٹریڈ یونینوں کا مشترکہ اجلاس فیڈریشن کے جوائنٹ سیکرٹری حاجی پیرزادہ کے زیر صدار ہوا، جس میں فیڈریشن کے مرکزی سیکرٹری جنرل قموس گل خٹک نے خصوصی شرکت کی۔ اجلاس میں بعض عناصر کی جانب سے لاکھڑا کول فیلڈ میں لسانی تعصب پھیلانے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ لاکھڑا کول فیلڈ کے محنت کشوں کی تنظیم اور قیادت نے پچاس سال سے اس کول فیلڈ کے محنت کشوں کی جس طرح بلا امتیاز خدمت کی ہے وہ اسی جذبے سے جاری رہے گی۔ اجلاس میں سپر کول مائنز لاکھڑا انتظامیہ کی جانب سے 17 سال بعد سپر کول مائنز ورکرز یونین کی رجسٹریشن کو منسوخ کرنے اور کانکنوں کو آئین کے تحت حاصل شدہ انجمن سازی کے حق سے محروم کرنے پر فیڈریشن کی جانب سے یونین کی حمایت کا اعلان کیا گیا۔ اجلاس میں کہا گیا کہ حکومت سندھ لاکھڑا کی معدنیات پر قبضہ کرنے کے لیے سب سے بڑے کول فیلڈ کو تباہ اور پرانے ملازمین کو بے روزگار کررہی ہے۔ صوبائی خود مختاری اور مقامی کے نام پر ووٹ حاصل کرنے والے نئی کول کمپنی سندھ لاکھڑا کول کمپنی میں بھرتی کے لیے اشتہارات چھپوارہے ہیں جبکہ پی ایم ڈی اور ایل سی ڈی سی کے پرانے ملازمین کو نئی کمپنی میں لینے کو تیار نہیں، ہم ان ملازمین کی بحالی کا مطالبہ کرتے ہیں۔