حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد میں بلدیہ اور کینٹ کی حدود میں آنے والی اہم ترین شاہراہوں پر بہتا گندا پانی، میئر، میونسپل کمشنر اور کنٹونمنٹ بورڈ کی کارکردگی کا پول کھول رہا ہے۔ شاہراہ فاطمہ جناح جو شہر کی اہم ترین شاہراہ ہے، یہاں سے ڈی سی ہاؤس، ایس ایس پی آفس، ہائی کورٹ، سیشن کورٹ، حیدر چوک، ٹریژری آفس، اسٹیٹ بینک جیسے اہم مقامات پر لوگ آتے ہیں۔ ایک ہفتے سے گٹر لائن بند ہونے کے باعث گٹر کا پانی بڑی بڑی گاڑیوں سے موٹر سائیکل اور پیدل سفر کرنے والوں پر گندا پانی کپڑے خراب کررہا ہے جبکہ اسٹیشن روڈ جہاں بلدیہ کی مرکزی عمارت واقع ہے، ایسی صورتحال سے دوچار ہے۔ لیاقت کالونی سخی پیر روڈ، لطیف آباد یونٹ نمبر 12 کا مین بازار، مکی شاہ روڈ، جی او آر کالونی سمیت اہم علاقے ایسی صورتحال سے دوچار ہیں جبکہ گلی محلوں کا کوئی پرسان حال ہی نہیں ہے۔ شرم ناک امر یہ ہے کہ میئر حیدر آباد اور یوسی چیئرمین معمولی معمولی کاموں کی بڑی بڑی تصاویر سوشل میڈیا پر شیئر کررہے ہیں اور صرف فوٹو سیشن کیا جارہا ہے۔ شہریوں نے صوبائی وزیر بلدیات سے شہر کی بدترین حالت کا جائزہ لینے کے فوری طور پر اندرون شہر کا دورہ کرنے اور بلدیہ کی شاندار کارکردگی دیکھنے کی اپیل کی ہے۔