حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) ڈپٹی ڈائریکٹر ادارہ برائے تحفظ ماحولیات حیدر آباد کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا ہے کہ کوٹری کے نواحی علاقے میں کارروائی کرتے ہوئے ماحولیاتی آلودگی کا باعث بننے والے بیٹریوں کے بھٹوں کو مسمار کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ادارہ برائے تحفظ ماحولیات کے ریجنل ڈائریکٹر عمران علی عباسی نے بتایا کہ یہ لوگ اپنے ذاتی مفاد کے خاطر نہ صرف ماحول کو خراب کررہے ہیں بلکہ اس قسم کے غیر قانونی کاروبار کی وجہ سے لوگوں کی زندگیوں کو بھی شدید خطرات لاحق ہیں اور اس کاروبار کی وجہ سے لوگ مختلف قسم کی بیماریوں کا شکار ہوجاتے ہیں۔ ریجنل ڈائریکٹر عمران علی عباسی نے مزید بتایا کہ سیپا نے ماضی میں بھی ان غیر قانونی بھٹوں کیخلاف کارروائیاں کی ہیں اور اس قسم کے غیر قانونی کاروبار کیخلاف مزید کارروائیاں عمل میں لائی جائیں گی۔