پشاور(آن لائن)وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان نے کہا ہے کہ صوبے میں بلاتعطل بجلی کی فراہمی پر خصوصی توجہ دے رہے ہیں، بجلی کے مسائل کومستقل بنیادوں پر حل کرنے کیلیے ٹرانسمیشن لائن کی اپ گریڈیشن ناگزیر ہے، انرجی اینڈ پاور کے نئے منصوبوں کو نیشنل گریڈ میں شامل کیا جائے گا۔وہ وزیراعلیٰ سیکرٹریٹ پشاور میں نیپرا کے چیئرمین توصیف ایچ فاروقی کے ساتھ صوبے میں بجلی کے مسائل کے حوالے سے گفتگو کرر ہے تھے۔ ملاقات میں وزیراعلیٰ کے مشیر برائے توانائی حمایت اللہ خان، خیبرپختونخوا کے نیپرارکن انجینئر بہادر شاہ، رکن پنجاب سیف اللہ چٹا، رکن سندھ رفیق احمد شیخ، رکن بلوچستان رحمت اللہ بلوچ، وزیراعلیٰ کے پرنسپل سیکرٹری شہاب علی شاہ ودیگر نے شرکت کی۔وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا نے نئے ضم شدہ قبائلی اضلاع میں بجلی کے مسائل گریڈ اسٹیشن اور بجلی کی تنصیبات کو بہتر بنانے جبکہ وہاں پر عوام کو بلا تعطل بجلی کی فراہمی ممکن بنانے پر بھی زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ صوبے میں جس سے نہ صرف بجلی کے مسائل پر قابو پالیا جائیگا بلکہ صوبے کے محاصلات بھی بڑھیں گے۔ وزیراعلیٰ کا کہنا تھا کہ ملک کے ہر صوبے کے بجلی کے اپنے مسائل ہیں ، خیبرپختونخوا بشمول قبائلی اضلاع میں بجلی کی لوڈ شیڈنگ کے دیرپا حل کیلیے صوبائی حکومت نیپرا کے ساتھ مل کر اقدامات اٹھائے گی۔ انہوںنے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت نیپرا کے تعاون سے صوبے میں ہائیڈرو پاور پروجیکٹس، بجلی کی ویلنگ ، توانائی کے دیگر مسائل پر پیش رفت کی خواہش مند ہے۔ انہوں نے نیپرا کو یقین دلاتے ہوئے کہا ہے کہ جس فورم پر صوبائی حکومت کی مدد کی ضرورت ہو گی ، فراہم کریں گی۔
محمود خان