ملکی صورتحال نے حکمرانوں کی نالائقی کو پوری طرح عیاں کردیاہے

58

پشاور (وقائع نگار خصوصی) نائب امیر جماعت اسلامی و ممبرصوبائی اسمبلی خیبرپختونخوا عنایت اللہ خان نے کہا ہے کہ ہائی کورٹ کے فیصلے کے بعد نیب اور ایف آئی اے بی آرٹی منصوبے کے مسئلے پرغیر جانبدار تحقیقاتی کمیشن قائم کریں جو متعین وقت کے اندر تحقیقات کریں ۔ ملک کی موجودہ سیاسی صورتحال نے حکمرانوں کی نالائقی اور نااہلی کو پوری طرح عیاں کردیاہے۔ملک عقل و خرد سے عاری لوگوں کے ہتھے چڑ ھ گیا ہے۔عوام مہنگائی بے روزگاری اور بدامنی کے ہاتھوں پریشان ہیں۔حکومت ڈلیور نہیں کرسکتی۔اس بھان متی کے ٹولے سے کسی بھی بہتری یا خیر کی توقع رکھنا خود فریبی سے سوا کچھ نہیں۔وہ دیربالا میں مختلف اجتماعات سے خطاب کرر ہے تھے ۔ عنایت اللہ خان نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک کو موجود ہ بحرانوں سے صرف جماعت اسلامی نکا ل سکتی ہے۔ملک کے تمام مسائل کا حل نظام مصطفی کے نفاذ میں ہے اور ایک شاندار اسلامی انقلاب ہی ملک کے 22 کروڑ عوام کی بگڑی بناسکتا ہے۔انہوں نے کہا کہ مدینہ کی ریاست کا نعرہ لگانے والوں نے قوم سے مذاق کیا۔جولوگ ایک سمری ٹھیک سے نہیں بناسکتے وہ ملک کو مدینہ کی ریاست بنانے کے دعوے کررہے ہیں۔ انہوںنے کہا کہ جماعت اسلامی ملک کو اسلامی و خوشحال پاکستان بنانے کے لیے شارٹ ٹرم اور لانگ ٹرم دونوں منصوبوں پر عمل پیرا ہے۔نوجوانوں کو اسلامی انقلاب کا ہر اول دستہ بنانے کے لیے اسلامی خطوط پر لاکھوں ، نوجوانوں کی تربیت کی جارہی ہے۔انہوں نے کہا کہ سچے مسلمان اور پکے پاکستانی ہی ملک کی ڈوبی کشتی کو کنارے لگاسکتے ہیں۔جب تک نظریہ پاکستان پر غیر متزلزل ایمان رکھنے والے لوگ اقتدار میں نہیں آتے ملک کی نظریاتی شناخت خطرے میں رہے گی۔